بحرین میں دہشت گرد گرفتار، ایران میں ٹریننگ لینے کا اعتراف

پیر 27 جولائی 2015 12:32

بحرین میں دہشت گرد گرفتار، ایران میں ٹریننگ لینے کا اعتراف

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) خلیجی ملک بحرین میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے شبے میں گرفتار کیے گئے سیل سے وابستہ ایک شدت پسند مہدی صباح عبدالمحسن نے اعتراف کیا ہے کہ اْنہوں نے شمالی ایران کے ایک فوجی کیمپ میں اسلحہ سازی اور بم دھماکوں سمیت اسلحہ کے استعمال کی ٹریننگ حاصل کی تھی۔العربیہ ٹی وی کے مطابق زیرحراست مشتبہ دہشت گرد نے بحرینی پولیس کے ہاں تفتیش کے دوران بتایا کہ اس کے ایک دوسرے ساتھی نے سمندر میں دو افراد سے دھماکہ خیز مواد "سی 4" سے بھرے چار بیگ وصول کیے گئے تاہم پولیس نے انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا تھا۔

خیال رہے کہ بحرین میں پچھلے چند برسوں سے دہشت گردی کے مختلف واقعات رونما ہوتے چلے آرہے ہیں۔ منامہ حکومت کا الزام ہے کہ اس کے ہاں دہشت گردی کے واقعات میں خطے کے بعض ممالک ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

خاص طور پر ایران، عراق اور شام کا نام بھی لیا جاتا رہا ہے۔ بحرین نے متعدد مرتبہ واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ایران عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے دہشت گردوں کو تربیت دینے کے بعد منامہ بھیج رہا ہے۔

بحرین میں پچھلے تین عشروں سے دہشت گردی کے واقعات رونما ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ دہشت گردی کے واقعات میں سرکاری املاک پرحملے، سیکیورٹی اہلکاروں کو قاتلانہ حملوں کا نشانہ بنانا، کار سرکار میں مداخلت، ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کرنا جیسے اشتعال انگیزی طریقے شامل ہیں۔اس سے قبل بحرین پولیس کے ہاں پکڑے گئے بعض افراد نے عراق اور شام میں بھی دہشت گری کی ٹریننگ لینے کا اعتراف کیا ہے۔

کچھ دہشت گردوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سنہ 2011ء سے قبل شام اور عراق میں بھی عسکری تربیت حاصل کی تھی۔ یہ لوگ نہ صرف اسلحہ کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں بلکہ بحرین میں بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے ملک کو بڑے پیمانے پر نقصان سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حالیہ برسوں میں دہشت گردی کی ایسی کئی سازشیں ناکام بنائی ہیں۔

متعلقہ عنوان :