بھارت کو ہر ایک چیز کے پیچھے آئی ایس آئی کا ہاتھ نظر آتا ہے‘ انڈیا اپنے اصل رنگ دکھا رہا ہے ‘ کانگریس نے سیکولر ازم کا جو خول اپنے اوپر چڑھایا ہوا تھا وہ اب اتر رہا ہے‘ نواز شریف نے اوفا میں نریندر مودی سے ملاقات کرکے قوم کو ذلیل و رسوا کردیا‘ ہماری سیاسی قیادت کی کمزوریوں سے بھارت فائدہ اٹھا رہا ہے‘ بھارت میں ابھی بھی خالصتان تحریک زندہ ہے‘آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل حمید گل کاخالصتان تحریک پر ردعمل کا اظہار

پیر 27 جولائی 2015 14:21

بھارت کو ہر ایک چیز کے پیچھے آئی ایس آئی کا ہاتھ نظر آتا ہے‘ انڈیا اپنے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل حمید گل نے کہا ہے کہ بھارت کو ہر ایک چیز کے پیچھے آئی ایس آئی کا ہاتھ نظر آتا ہے‘ انڈیا اپنے اصل رنگ دکھا رہا ہے ‘ کانگریس نے سیکولر ازم کا جو خول اپنے اوپر چڑھایا ہوا تھا وہ اب اتر رہا ہے‘ نواز شریف نے اوفا میں نریندر مودی سے ملاقات کرکے قوم کو ذلیل و رسوا کردیا‘ ہماری سیاسی قیادت کی کمزوریوں سے بھارت فائدہ اٹھا رہا ہے‘ بھارت میں ابھی بھی خالصتان تحریک زندہ ہے۔

پیر کو خالصتان تحریک پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہر ایک چیز کے پیچھے آئی ایس آئی کا ہاتھ نظر آتا ہے۔ احمد آباد میں ایک بار طاعون کی وباء پھیل گئی تھی تو انہوں نے اس کا الزام بھی آئی ایس آئی پر لگا دیا تھا۔

(جاری ہے)

انڈیا میں آئی ایس آئی کے دباؤ کا ہونا ایک طرح سے اچھی بات بھی ہے ورنہ وہ وہاں پر مسلمانوں کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں گے۔

بھارت میں ابھی تک خالصتان تحریک زندہ ہے سکھ موومنٹ کے لوگ ابھی بھی وہاں پر بھارت کے جھنڈے جلاتے ہیں اور انڈین آئین کی کاپیاں جلا کر پھینکتے ہیں۔ بھارت میں خالصتان تحریک اپنی پوری آب و تاب سے موجود ہے۔ وہاں پر سمجھوتہ ایکسپریس پر 68لوگوں کو لائن میں کھڑا کرکے گولیاں ماری گئیں انڈین جنرل پروہت اس میں شامل تھا اور آر ڈی ایکس انڈین آرمی بیرکوں سے لایا گیا تھا۔ اسی طرح اب یعقوب میمن کو پھانسی دینے جارہے ہیں جس پر سلمان خان نے کہا کہ وہ معصوم آدمی ہے تو اب ہندو انتہا پسند سلمان خان کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ اب انڈیا کا اصل رنگ سامنے آرہا ہے کانگریس نے جو سیکولر ازم کا خول چڑھایا ہوا تھا وہ اب آہستہ آہستہ اتر رہا ہے۔