وزیر داخلہ کا غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث گرفتار غیر ملکی خواتین کو ملک بدر کرنیکا حکم ، دو ملزمہ خواتین کے فرار کا نوٹس ، ایس ایچ او معطل،تفتیشی افسر کے خلاف مقدمہ درج ،ایس پی کو شوکاز نوٹس جاری

پیر 27 جولائی 2015 23:10

وزیر داخلہ کا غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث گرفتار غیر ملکی خواتین کو ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے غیر اخلاقی سرگرمیوں میں گرفتار ہونے والی 39غیر ملکی خواتین کو ملک بدر کرنے کا حکم دے دیا جبکہ چوہدری نثار علی خان نے پیشی پر لانے کے دوران دو ملزمہ خواتین کے فرار ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کو معطل،تفتیشی افسر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا اور ایس پی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔

پیر کو وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے دوران گرفتار ہونے والی 39غیر ملکی خواتین کو ملک بدر کرنے کا حکم دے دیا، ان خواتین کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں، یہ ویزہ کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تھیں جس پر انہیں گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی کمپنی تھانے میں پیشی کیلئے عدالت لائے جانے کے دوران دو ملزمہ غیر ملکی خواتین کے فرار ہونے کا نوٹس لے لیا، فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی خالد اعوان کو معطل کر دیا گیا جبکہ تفتیشی افسر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا جبکہ ایس پی حبیب اﷲ نیازی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا، فرار ہونے والی دو خواتین کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں جبکہ گرفتار کی جانے والی دیگر خواتین کو بھی جلد ہی ملک بدر کر دیا جائے گا۔