پی سی بی کو محمد حفیظ کے باوٴلنگ ایکشن کے معاملے پر آئی سی سی سے اپیل کرنا چاہیے تھی، ذکا اشرف

منگل 28 جولائی 2015 13:25

پی سی بی کو محمد حفیظ کے باوٴلنگ ایکشن کے معاملے پر آئی سی سی سے اپیل ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ پی سی بی کو محمد حفیظ کے باوٴلنگ ایکشن کے معاملے پر آئی سی سی سے اپیل کرنا چاہیے تھی،پاکستانی باؤلروں کیخلاف سازش کی جارہی ہے،ورلڈ کپ سے قبل محمد حفیظ اور سعید اجمل پر پابندی کے پیچھے بھارتی لابی تھی ،پی سی بی بھارتی کرکٹ بورڈ کو خوش کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے تاہم اس کے باوجود اسے بی سی سی آئی سے اپنے حق میں نتائج نہیں مل رہے،بی سی سی آئی پاکستان کی کرکٹ کو تباہ کرنے میں مصروف ہے ، پی سی بی نے بگ تھری کی حمایت کی جو کہ بھارت کا منصوبہ تھا تاہم اس کے باوجود ابھی تک باہمی سیریز کی تصدیق نہیں کی گئی۔

نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستانی گیند بازوں کے خلاف سازش رچی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس سلسلے میں سعید اجمل اور محمد حفیظ کا حوالہ دیا جنہیں ورلڈ کپ سے قبل بین الاقوامی کرکٹ میں باوٴلنگ کرنے سے روک دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پابندی کے باعث پاکستان کو میگا ایونٹ میں بہت نقصان اٹھانا پڑا۔ ان پابندیوں کے پیچھے بھارتی لابی تھی جنہوں نے ہمارے باوٴلرز پر پابندی عائد کروائی۔

انہوں نے پاکستانی باوٴلرز کے چنئی میں ٹیسٹ کے لیے بھیجے جانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے لیبس جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں بھی کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں بھی اسی طرح کی سہولیات میسر ہیں تاہم مجھے ان کے نتائج پر بھی بھروسہ نہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی سی بی انڈین کرکٹ بورڈ کو خوش کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے تاہم اس کے باوجود اسے بی سی سی آئی سے اپنے حق میں نتائج نہیں مل رہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے بگ تھری کی حمایت کی جو کہ ہندوستان کا منصوبہ تھا تاہم اس کے باوجود ابھی تک باہمی سیریز کی تصدیق نہیں کی گئی۔پی سی بی اور بی سی سی آئی نے گزشتہ سال کے ایم او یو پر دستخط کیے تھے جس کے تحت دونوں ٹیمیں 2015 سے 2023 تک چھ باہمی سیریز کھیلیں گی اور اس سلسلے کی پہلی سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی ہے جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔

تاہم بی سی سی آئی صرف اسی وقت اس معاہدے پر عمل کرسکے گا جب ہندوستان کی حکومت اس کی اجازت دے گی۔تاحال دونوں ممالک کے درمیان تناوٴ کو دیکھتے ہوئے اس بات کے امکان بہت ہی کم رہ گئے ہیں کہ یہ سیریز اسی سال ممکن ہوسکے گی۔ذکا کے مطابق بی سی سی آئی پاکستان کی کرکٹ کو تباہ کرنے میں مصروف ہے جس کے باوجود پی سی بی اسے خوش کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

حفیظ کے معاملے پر سابق پی سی بی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ان کے لیے اپیل دائر کرنی چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ ایسے کسی اقدام سے کوئی نقصان نہیں ہوتا جبکہ معاملات کو معمول پر آنے کا ایک موقع ملتا۔دوسری جانب جب حفیظ کے معاملے پر ایک پی سی بی آفیشل سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بورڈ میں اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ حفیظ کی اپیل کا معاملہ ٹھوس بنیادوں پر مبنی نہیں۔

آفیشل کے مطابق ٹیسٹ کے دوران متعدد مرتبہ لیب آفیشل نے حفیظ کو گال ٹیسٹ کے دوران کی گئی تمام گیندیں کروانے کی درخواست کی تاہم انہوں نے وہ تمام گیندیں نہیں کروائیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ کے دوران حفیظ کے بازو کا خم 19 ڈگری پایا گیا جبکہ اجازت صرف 15 ڈگری کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کے لیے چنئی کا انتخاب اس لیے کیا گیا کیوں کہ ماضی میں یہ واحد لیب ہے جہاں سے متعدد کرکٹرز کلیئر ہوئے ہیں جن میں خود حفیظ اور اجمل شامل ہیں۔پی سی بی آفیشل کا مزید کہنا تھا کہ حفیظ نے خود چنئی میں ٹیسٹ کروانے کی درخواست کی تھی۔

متعلقہ عنوان :