سابق جنوبی افریقی کپتان کلائیو رائس 66برس کی عمر میں انتقال کر گئے

منگل 28 جولائی 2015 14:49

سابق جنوبی افریقی کپتان کلائیو رائس 66برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ؒجوہانسبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28جولائی۔2015ء) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کلائیو رائس 66برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کلائیو رائس گزشتہ کچھ عرصے سے برین ٹیومر کے مرض میں مبتلا تھے اور اس دوران انہوں نے اس کے علاج کے لیے بھارت کا دورہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

21سال تک جنوبی افریقہ پر کرکٹ کھیلنے کی پابندی کے باعث کلائیو رائس ٹیسٹ کرکٹ میں توجنوبی افریقہ کی نمائندگی نہیں کر سکے تاہم 1991ء میں جنوبی افریقہ کی انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی کے بعد انہوں نے بھارت کے خلاف پہلی سیریز میں اپنے ملک کی قیادت کے فرائض سرانجا م دیئے جس کے بعد42سال عمر ہونے کی وجہ سے وہ 1992ء کے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کر نے سے محروم رہے۔

کلائیو رائس نے 1969ء میں اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کیا اور 482میچز میں 40.95کی اوسط سے 26331رنز بنائے جس میں 48سنچریاں اور 137نصف سنچریاں شامل تھیں جبکہ اس کے علاوہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی باؤلنگ سے 930شکار بھی کیے۔ انہوں نے 479لسٹ اے میچز میں 37.32کی اوسط سے 13474رنز سکور کیے جس میں 11سنچریاں اور 79نصف سنچریاں شامل تھیں،اس فارمیٹ میں انہوں نے 517وکٹیں بھی حاصل کیں۔