Live Updates

تحریک انصاف کو انکوائری کمیشن کے قیام کا مشورہ نہیں دیا تھا،شیخ رشید

منگل 28 جولائی 2015 15:00

تحریک انصاف کو انکوائری کمیشن کے قیام کا مشورہ نہیں دیا تھا،شیخ رشید

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چوک اور چوراہے کی سیاست کی حمایت کرتا ہوں‘ تحریک انصاف کو انکوائری کمیشن کے قیام کا مشورہ نہیں دیا تھا۔ انکوائری کمیشن کے فیصلے سے عوام کی ہار ہوئی اور انصاف جیت گیا۔ منگل کے روز عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی کمزور ترین اور غیر مقبول حکومت ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے ہمیشہ ایک گولی والے پستول سے اپنے ہی پاؤں پر گولی ماری ہے۔ انکوائری کمیشن کے فیصلے پر اگر نواز لیگ اپنی کامیابی سمجھتی ہے تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے مطالبے پر بننے والے انکوائری کمیشن کا کبھی حامی نہیں رہا یہ تحریک انصاف کا اپنا فیصلہ تھا۔

(جاری ہے)

ہمیشہ چوک اور چوراہے کی سیاست کی ہے اسی حکمت عملی کا ہمیشہ سے حامی ہوں جو عوام کے مفاد میں ہے۔

جبکہ انکوائری کمیشن کے فیصلے سے عوام کی ہار ہوئی ہے اور انصاف کی جیت ہوئی ہے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف اور فوج کی الگ الگ راہیں ہیں۔ فوج کو چاہئے کہ وہ نواز شریف کو مزید وقت دے تاکہ ان کی اصلیت کھل کر عوام کے سامنے آجائے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم سڑکوں پر آنے کے لئے تیار نہیں تو ان کے لئے یہی نااہل حکومت کو ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی دفعہ سیاستدان سڑکوں پر آئے تھے ورنہ ماضی میں ہمیشہ عوام سڑکوں پر آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں مفت مشورے نہیں دیتا اور نہ ہی تحریک انصاف کی کور کمیٹی میں شامل ہوا ہوں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس چودھری افتخار جو سیاسی پارٹی بنانے جا رہے ہیں یہ ان کی غلط فہمی ہے اور ا ن کی یہ غلط فہمی بہت جلد دور ہو جائے گی اور وہ اپنا شوق پورا کر لیں ۔انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کو جتنی عزت عمران خان نے دی تھی اتنی عزت نواز شریف نے بھی نہیں دی تھی اور ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سیاست اور معیشت میں فوج کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں ہمیشہ سڑک اور چوک کی سیاست کرتا ہوں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات