گرداس پور حملہ، بھارتی وزیر داخلہ نے نیا شوشا چھوڑ دیا

جمعرات 30 جولائی 2015 17:03

گرداس پور حملہ، بھارتی وزیر داخلہ نے نیا شوشا چھوڑ دیا

نیو دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جولائی2015ء) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے راجیا سبھا کے اجلاس میں اپنی نااہلی چھپانے کے لیے نیا شوشہ چھوڑ دیا۔ کہتے ہیں گرداس پور حملے کے دہشت گرد دریائے راوی کے راستے پاکستان سے بھارت داخل ہوئے۔بھارت پاکستان کے خلاف بلیم گیم سے باز نہ آیا ۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے راجیا سبھا کے اجلاس میں اپنی نااہلی چھپانے کے لیے نیا شوشہ چھوڑ دیا۔

پہلے دلیل دی گئی کہ حملہ آور کشمیر سے بھارت میں داخل ہوئے پھر سننے میں آیا کہ حملہ آور شکر کڑھ سے بھارت میں داخل ہوئے اور ان کے پاس چینی اسلحہ سمیت جی پی ایس آلات بھی موجود تھے۔ اب بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ان جی پی ایس آلات کے ڈیٹا سے یہ اندازہ لگا لیا کہ حملہ آور دریائے راوی کے ذریعے گورداس پور کے علاقے تاش میں داخل ہوئے جہاں سے انہوں نے علاقے سے بے خبر ہوتے ہوئے بھی پانچ جگہ پر بم نصب کئے اور پولیس اسٹیشن پر حملہ آور ہو گئے۔

(جاری ہے)

بھارتی حکام اور میڈیا کی بے سروپا باتوں پر سمجھ نہیں آتی کہ انسان ہنسے یا روئے۔ اپنی بھونڈی حرکتوں کے باعث بھارتی حکام اور میڈیا اکثر و بیشتر جگ ہنسائی کا باعث بنتے رہتے ہیں۔ اس سے پہلے سمندر میں پاکستانی کشتی اڑانے کا دعویٰ کیا بعد میں جب بیچ چوراہے میں ہنڈیا پھوٹی تو بغلیں جھانکنے لگے۔ پھر ایک کبوتر کو پکڑ کر پاکستانی جاسوس قرار دے دیا جس پر غیروں کے ساتھ خود بھارتی بھی خوب ہنسے۔

پچھلے دنوں پاکستانی حدود میں بھارتی جاسوس طیارہ مار گرایا گیا۔ ٹھوس ثبوت سامنے آئے تو انڈیا منہ چھپانے لگا۔ بھارت کی پاکستان سے دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ بھارتی حکام اپنے گریبان میں جھانکیں تو ہو سکتا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس اور مالیگاؤں حملوں کی طرح پولیس سٹیشن حملے میں ان کے اپنی ہی شدت پسند سامنے آئیں۔

متعلقہ عنوان :