روہنگیا مسلمانوں کا ہالی وڈ اداکاری انجلینا جولی کے دورہِ میانمارکا خیرمقدم، مسلمان علاقے اراکان آمد کی اپیل

جمعرات 30 جولائی 2015 17:36

روہنگیا مسلمانوں کا ہالی وڈ اداکاری انجلینا جولی کے دورہِ میانمارکا ..

اسلام آباد/مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) معروف ہالی وڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین کی خصوصی سفیر انجلینا جولی چار روزہ دورے پر میانمار پہنچ گئیں، اس موقع پر بدترین مظالم کا شکار روہنگیا مسلمانوں نے دورے کا خیرمقدم کرتے مسلم اکثریتی علاقے اراکان آمد کو بھی اپنے ایجنڈے میں شامل کرنے کی اپیل کی ہے، ڈائریکٹر جنرل اراکان روہنگیا یونین ڈاکٹر وقار الدین اور صدر گلوبل روہنگیا سینٹر شیخ عبداﷲ معروف نے جمعرات کو اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ انجلینا جولی کے دورہ ء برما سے ملکی صورتحال پر مثبت نتائج مرتب ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ رواں برس نومبر میں ہونے والے قومی انتخابات کے تناظر میں انجلینا جولی کا مختلف مکاتب فکر سے گفت و شنید کی خواہش ظاہر کرناخوش آئند ہے، انجلینا کا یہ اقدام برما میں انسانی المیہ کے خاتمے کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

اراکان روہنگیا یونین اور گلوبل روہنگیا سینٹر کے مطابق دو سالہ مدت کے لیے عارضی گرین کارڈ کا اجرا ء دراصل صدیوں سے اراکان میں بسنے والے مسلمانوں کو بنگالی النسل قرار دے کر ملک بدر کرنے کی سازش ہے، مشترکہ اعلامیہ میں دونوں رہنماؤں کا موقف تھا کہ مختلف آئی ڈی پیز کیمپس میں پناہ گزین ، امن کی تلاش میں دربدر بھٹکتے اور سمندروں کی خونخوار لہروں سے نبرد آزما روہنگیا مسلمانوں کو درپیش مسائل کی بنیادی وجہ حق شہریت سے محرومی ہے، انہوں نے گرین کارڈ اسکیم کو یکسر مسترد کرتے انجلینا جولی سے اپیل کی ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کی بحالی اور انہیں قومی دھارے میں شامل کر نے کے لئے برمی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔

متعلقہ عنوان :