ہاکی ٹیم کی مایوس کن کار کر دگی ٗحکومتی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دیدی

جمعہ 31 جولائی 2015 19:49

ہاکی ٹیم کی مایوس کن کار کر دگی ٗحکومتی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء)پاکستانی ہاکی ٹیم کی اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں انتہائی مایوس کن کارکردگی اور قومی ہاکی کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے حکومت کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دے دی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے وزیراعظم سے اس سلسلے میں مناسب اقدامات کرنے کی درخواست کر دی ہے۔

بی بی سی کے مطابق معلوم ہوا کہ حکومت کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ دو تین روز میں ہونے والا ہے اور فیڈریشن کے نئے صدر کے طور پر سابق وزیراعظم میرظفراﷲ جمالی کا نام سامنے آیا ہے جو اس سے قبل بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر رہ چکے ہیں جبکہ سیکریٹری کے لیے سابق اولمپئنز شہباز سینئر، خواجہ جنید، نوید عالم اور پی ایچ ایف کے سابق سیکریٹری کرنل (ریٹائرڈ) مدثر اصغر کے نام لیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے لیے وقت پر تربیتی کیمپ کا انعقاد نہیں کیا گیا۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز کا سلیکشن میرٹ پر نہیں کیا گیا جبکہ کھلاڑیوں کی فٹنس بھی مطلوبہ معیار کی نہیں تھی۔کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں ہاکی میں سپانسرشپ کی اہمیت کے پیش نظر کارپوریٹ سیکٹر کے موثر کردار کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔