برطانیہ کا غیر قانونی پناہ گزینوں کو بے دخل کرنے کا منصوبہ

پیر 3 اگست 2015 12:56

برطانیہ کا غیر قانونی پناہ گزینوں کو بے دخل کرنے کا منصوبہ

لند ن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) حکومت برطانیہ نے پناہ گزینوں کے متعلق اپنے ایک منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مالک مکان پر لازم ہے کہ وہ پناہ حاصل کرنے کی درخواست مسترد ہونے والے پناہ گزینوں کو اپنے گھروں سے بے دخل کریں۔وزیر برائے کمیونیٹیز گریگ کلارک کا کہنا ہے کہ جو مالک مکان اپنے پناہ گزین کرائے دار کی رہائشی حیثیت کی جانچ پڑتال کیے بغیر اپنے مکان کرائے پر دیتے ہیں، انھیں پانچ سال تک کی قید ہو سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس مجوزہ قانون کے ذریعے ایسے مکان مالکوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے گا، جو غیر قانونی طور پر ترک وطن کرنے والوں کے ذریعے پیسے بناتے ہیں۔ان کا یہ بیان فرانس کی ’کے لے‘ بندرگاہ پر ہزاروں پناہ گزینوں کے ذریعے برطانیہ میں کسی طرح بھی داخل ہونے کی کوششوں پر پائے جانے والے وسیع خدشات کے پیش نظر آیا ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی حکومت ملک میں رہنے والے 10 ہزار سے زائد پناہ گزینوں کو ان کی درخواست نامنظور ہونے کے باوجود بھی امداد فراہم کرتی ہے کیونکہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ برطانیہ میں مقیم ہوتے ہیں۔

انھیں ہر ہفتے 36 پاوٴنڈ کا الاوٴینس دیا جاتا ہے۔ادھرسویڈن کے وزیر انصاف اور مائگریشن مورگن جوہانسن نے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی اس بات پر تنقید کی ہے کہ انھوں نے پناہ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کی درخواست سنے بغیر برطانیہ آنے والے پناہ گزینوں کو غیرقانونی کہا تھا۔توار کو امیگریشن کے وزیر جیمز بروکنشائر نے کہا: ’میں نئے قوانین متعارف کرانا چاہتا ہوں تاکہ ان کی امددا ہو سکے جنھیں واقعتا اس کی ضرورت ہے لیکن جو برطانیہ کے نظام کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ان کو یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ برطانیہ پناہ گزینوں کے لیے کوئی مخملی بچھونا نہیں ہے۔

یہ تجاویز ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب برطانیہ اور فرانس کی حکومت کے لے کے پناہ گزینوں کے مسائل کو حل کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔اس نئے منصوبے کے تحت وزارتِ داخلہ پناہ گزین کی درخواست نامنظور کیے جانے کی صورت میں نوٹس جاری کرے گا کہ اب انھیں کرایے پر رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔اس طرح بعض معاملات میں بغیر کسی عدالتی حکم نامے کے مکان مالکان کو کرایہ داروں کو نکالنے کا جواز مل جائے گا۔

مکان مالکوں سے یہ بھی کہا جائے گا کہ وہ مکان کرایے پر دینے سے پہلے پناہ گزینوں کے ’کرایہ پر رہنے کے حق‘ کے حوالے سے سرکاری دستاویز ضرور دیکھیں۔ان دونوں شرائط کا خیال نہ رکھنے والے مکان مالکوں پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے یا پانچ سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔اس کے علاوہ ’سرکش‘ مکان مالکوں اور کرایہ دلانے والے ایجنٹوں کی بلیک لسٹ تیار کی جائے گی جس سے کونسل کو یہ فیصلہ لینے میں آسانی ہوگی کہ بار بار قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر اپنے مکان کرایے پر دینے کی پابندی عائد کر دی جائے۔

ایسے مکان مالکوں کے خلاف بھی بعض طریقہ کار متعارف کرائے جا رہے ہیں جو پناہ گزینوں کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہیں یا انھیں خراب فلیٹ اور مکان کرایہ پر دیتے ہیں۔ کلارک نے کہا کہ ’حکومت ایسے لوگوں پر نگاہ رکھ رہی ہے جو کمزور لوگوں اور ہمارے امیگریشن قانون کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پیسہ بناتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :