آل راوٴنڈر انور علی وطن واپس آتے ہی وسیم اکرم سے مشورے لینے پہنچ گئے

منگل 4 اگست 2015 12:31

آل راوٴنڈر انور علی وطن واپس آتے ہی وسیم اکرم سے مشورے لینے پہنچ گئے

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء)سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹی ٹو ئنٹی کے ہیرو آل راوٴنڈر انور علی سری لنکا سے واپس آتے ہی وسیم اکرم سے مشورے لینے نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے۔پی سی بی کے سپر اسپیڈ اسٹار پروگرام کے تحت کیمپ کو گذشتہ روز ٹیسٹ کرکٹر خرم منظور سمیت 6بیٹسمینوں نے بھی جوائن کر لیا، سابق اسٹار نے پیسرز کو گذشتہ روز بھی مفید ٹپس دیں۔

تفصیلات کے مطابق اْبھرتے ہوئے باصلاحیت فاسٹ بولرز کی تلاش کیلئے وسیم اکرم کی زیرنگرانی خصوصی کیمپ ان دنوں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ہے۔ملک بھر سے منتخب شدہ نوجوان پیسرز سابق عظیم اسٹار کی رہنمائی میں اپنا ٹیلنٹ نکھارنے کیلئیکوشاں ہیں، سلیکشن کمیٹی نے پریکٹس سیشنز میں6 بیٹسمینوں خرم منظور، اسد علی، سعد علی، سعود شکیل، محمد حسن اور محمد وقاص کو بھی طلب کر لیا جنھوں نے گذشتہ روز ریجنل اکیڈمی میں رپورٹ کر دی ہے۔

(جاری ہے)

سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے مین آف دی میچ انور علی وطن واپسی کے اگلے ہی روز وسیم اکرم سے ملاقات کیلیے پہنچ گئے۔قومی اسکواڈ میں شامل ضیا الحق نے بھی کیمپ جوائن کر لیا، صبح ساڑھے 9سے11.30 کے سیشن میں محمد اکرم نے کھلاڑیوں کو فزیکل ٹریننگ کرائی، دیگر آفیشلز نے بھی فٹنس کے حوالے سے مفید مشوروں سے نوازا، شام 4 سے6.30تک وسیم اکرم نے پیسرز کو رن اپ، گیند کی گرپ اور یارکرز سمیت بولنگ کے حوالے سے ٹپس دیں۔ یہ کیمپ آئندہ کئی روز بھی جاری رہے گا، وسیم اکرم کی رہنمائی سے ملک کو کئی نئے پیسرز مل سکتے ہیں۔