خیرپور میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان نیوی کی سرگرمیاں جاری، سینکڑوں متاثرین محفوظ علاقوں میں منتقل، میڈیکل کیمپوں میں چیک اپ اور دواؤں کی فراہمی سمیت کھانے کی تقسیم

منگل 4 اگست 2015 15:10

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اگست۔2015ء) ضلع خیرپور میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان نیوی کی ٹیموں کی سرگرمیاں جاری، سینکڑوں متاثرین کو محفوظ علاقوں میں منتقلی، میڈیکل کیمپوں میں چیک اپ اور دواؤں کی فراہمی سمیت کھانے کی تقسیم۔ تفصیلات کے مطابق ضلع خیرپور کی سیلاب سے متاثرہ تحصیلوں کنگری، گمبٹ اور سوبھو دیرو کے کچے میں سیلاب کے پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو ٹیمیں مصروف عمل میں الفاروق اسکاؤٹس، الخدمت فاؤنڈیشن، پاکستان نیوی اور حر مجاہد فورس نے تاحال سیکڑوں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

الفاروق اسکاؤٹس خیرپور اپنے گروپ لیڈر عبدالواحد کی قیادت میں تحصیل کنگری میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے تحصیل گمبٹ کے کچے کے علاقوں گوٹھ رسول آباد، گوٹھ ہوت علی شیخ میں میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد ظفر جتوئی، الخدمت فاؤنڈیشن کے خیر محمد تنیو کی نگرانی میں ڈاکٹر طارق اور ڈاکٹر عامر قریشی نے تاحال پانچ سو مریضوں کا معائنہ کیا اور مفت دوائیں فراہم کی ہیں جبکہ سیکڑوں متاثرین میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر عبدالمنان شیخ، حسن طارق، ماجد شیخ، عبدالقدیر، سلمان حسن ودیگر رضاکار سیکڑوں متاثرین میں کھانا تقسیم کرنے کا سلسلہ تاحال جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ متاثرین کیلئے الخدمت کی جانب سے چالیس سے زائد خیمے بھی لگا کر متاثرین کے رہنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔

الفاروق اسکاؤٹس خیرپور نے متاثرین طالب علموں کی پڑھائی کیلئے تعلیم کا بندوبست بھی کر رکھا ہے۔ سو سے زائد طالب علم بچے فیضیاب ہورہے ہیں۔ ایم این اے سیدہ نفیسہ شاہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران الفاروق اسکاؤٹس کے کام کو سراہا اور حوصلہ افزائی کی۔ نیوی کے جوان بھی حسب سابق امدادی کاموں میں مصروف ہیں جبکہ پیر پگارہ کی خصوصی ہدایات پر حر مجاہد فورس کے سینکڑوں جوان بھی سیلاب زدگان کی ہر قسم کی امداد کیلئے پہنچے ہیں۔ تاحال پانی کے دباؤ میں اضافے کی اطلاعات ہیں جس سے نمٹنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔