عدنان سمیع کے ویزے میں غیر معینہ مدت کیلئے توسیع کر دی گئ

بدھ 5 اگست 2015 11:41

عدنان سمیع کے ویزے میں غیر معینہ مدت کیلئے توسیع کر دی گئ

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 اگست۔2015ء)بھارت کی وزارت داخلہ نے پاکستان کے معروف گلوکار عدنان سمیع کے ویزے میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کر دی ہے۔ عدنان سمیع نے مئی کے مہینے میں محکمہ وزارت داخلہ میں درخواست دی تھی کہ ’انسانی بنیادوں‘ پر انہیں قانونی طور انڈیا میں رہنے کی اجازت دی جائے۔اطلاعات کے مطابق وزارت خارجہ انہیں انڈیا کی شہریت دینے پر بھی غور کر رہی ہے۔

عدنان سمیع نے مئی میں دوسری بار انڈیا کی شہریت کے لیے درخواست دی تھی۔ پہلی بار جب انہوں نے یہ درخواست دی تھی تو انڈین حکام نے اسے مسترد کردیا تھا۔انڈیا میں شہریت کے حصول کے قوانین کے مطابق ان غیر ملکی افراد کو شہریت دی جا سکتی ہے جنھوں نے سائنس، ادب، ثقافت، عالمی امن، اور انسانی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہو۔

(جاری ہے)

گذشتہ برس اکتوبر میں ان کے ویزا کی مدت ختم ہوگئی تھی لیکن بعد میں اس میں توسیع کر دی گئی تھی۔

اس موقع پر عدنان سمیع نے میڈیا کے نام جاری کیے گئے ایک پیغام میں کہا تھا ’میں نے مسلمہ ضابطے کے تحت 14 ستمبر کو اپنے ویزے میں توسیع کی درخواست دہلی میں وزارت داخلہ کی متعلقہ محکمے میں جمع کرائی تھی۔ اس ضابطے پر تمام غیر ملکیوں کو عمل کرنا ہوتا ہے اور میں اس پر گزشتہ 14 برس سے عمل کر رہا ہوں اور اس بار بھی کیا ہے۔ضابطے کے تحت وہ ویزا ختم ہونے کے بعد توسیع ہونے تک ملک سے باہر نہیں جا سکتے تھے۔