فیفا کا فیصل صالح حیات کے حق میں فیصلہ ‘ عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کالعدم

بدھ 5 اگست 2015 11:51

فیفا کا فیصل صالح حیات کے حق میں فیصلہ ‘ عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کالعدم

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن(پی ایف ایف) کے دو دھڑوں کے درمیان جاری تنازع کی وجہ جاننے کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے والے فیفا اور ایشین فٹبال کے وفد نے فیصل صالح حیات کو فیڈریشن کے سربراہ کے عہدے سے ہٹانے جانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ایک غیر معمولی کانگریس اجلاس میں فیصل صالح حیات کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سربراہ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

مصدقہ ذرائع نے بتایا کہ وفد نے یہ فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ اسلا آباد میں منعقدہ کانگریس اجلاس کے ایجنڈے میں فیصل صالح حیات کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا ایجنڈا پیش نہیں کیا گیا ذرائع نے بتایا کہ کانگریس اراکین کو جاری ایجنڈے کے تحت اجلاس میں صرف الیکشن کی صورتحال پر گفتگو ہونا تھی تاہم اراکین نے فیصل صالح حیات کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور کرتے ہوئے ایڈہاک نظام کا اعلان کر کے ارشاد خان لودھی کو قائم مقام صدر اور کرنل فراست علی شاہ کو قائم مقام سیکریٹری مقرر کردیا۔

(جاری ہے)

وفد نے ارشد خان کو ہدایت کی کہ وہ پی ایف ایف ہاوٴس فیصل کو واپس کردیں اور وہ 31 اگست کو ختم ہونے والی اپنے عہدے کی مدت تک وہاں عہدے پر فائض رہیں گے لیکن وفد کو بتایا کہ گیا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن ہاوٴس کا انتظام لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ ایڈمنسٹریٹر کو سونپ دیا گیا ہے۔ہائی کورٹ نے فیصل صلاحی حیات کی جانب سے 30 جون کو چھانگلہ گلی میں کرائے گئے انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ایک ایڈمنسٹریٹر کو تعینات کر دیا تھا۔

عدالت نے 17 اپریل کو ہونے والے پنجاب فٹبال فیڈریشن کے انتخابات کا حتمی فیصلہ آنے تک کسی بھی قسم کے انتخابات نہ کرانے کی ہدایت کی تھی تاہم حیات نے اس کے باوجود انتخابات کرائے تھے جس کے بعد عدالت نے انہیں توہین عدالت کا نوٹس بھی ارسال کردیا تھا۔ذرائع کے مطابق فیفا ممکنہ طور پر جلد تحریری حکم بھی بھیج سکتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی چھانگلہ گلی میں ہونے والے انتخابات اور متنازع پی ایف اے انتخابات پر سوالات بھی اٹھا سکتی ہے کیونکہ ظاہر علی شاہ کی زیر سربراہی چلنے والے حیات کے حریف گروپ نے وفد کے سامنے اہم نکتے اٹھائے تھے۔