سرفراز کے ساتھ میری کوئی دشمنی نہیں، وقار یونس

بدھ 5 اگست 2015 12:51

سرفراز کے ساتھ میری کوئی دشمنی نہیں،  وقار یونس

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) پاکستان کر کٹ ٹیم کے ہیڈ کو چ وقار یونس نے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نہ کھلانے پر تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر کہا ہے کہ سرفراز کے ساتھ میری کوئی دشمنی نہیں، ٹی ٹوئنٹی سے پہلے میں نے سرفراز کو بلا کر سمجھا دیا تھا کہ وہ نہیں کھیلے گا ہم رضوان کو آزمانا چاہتے ہیں اور اس نے خوش دلی سے اسے تسلیم بھی کیا، شاہد آفریدی کی چند ماہ کی کرکٹ ہی باقی رہ گئی ، وہ کیوں سرفراز کو اپنے لئے خطرہ سمجھے گا، سرفراز احمد میری نظر میں اگلا ٹی ٹوئنٹی کپتان ہے،میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ سرفراز کو نہ کھلانے کے پیچھے کوئی سازش نہیں تھی،سری لنکا کیخلاف قومی ٹیم کی کارکردگی کی جتنی تعریف کریں کم ہے، دورئہ زمبابوے کے بعد اکتوبر میں انگلینڈ کیخلاف سیریز انتہائی اہم ہوگی، اس کیلئے مضبوط سکواڈ تشکیل دیں گے،نوجوان کھلاڑی اچھا پر فارم کر رہے ہیں،مزید نئے چہروں کو موقع دیں گئے۔

(جاری ہے)

نجی چینل کو سڈنی سے دئیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں وقار یونس نے کہا کہ سرفراز کے ساتھ میری کوئی دشمنی نہیں ، اس سے قبل محمد حفیظ اور دیگر سینئرز کو بھی آرام کرا چکا اس وقت تو کسی نے شور نہیں مچایا تھا، ہمیں میچ کے لحاظ سے جو صورتحال ہو اسی پر عمل کرنا پڑتا ہے، سری لنکا میں بھی ایسا ہی کیا۔ قومی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ سرفراز احمد میری نظر میں اگلا ٹی ٹوئنٹی کپتان ہے، گذشتہ سیریز کے تمام ون ڈے میں وہ ہمارا اہم کھلاڑی تھا،اب اسکواڈ میں اگر دوسرا وکٹ کیپر بھی موجود ہے تو کیا اسے موقع نہیں دیتے؟ انھوں نے کہا کہ ہم ورلڈٹی ٹوئنٹی تک مزید ایسے تجربات کرتے رہیں گے،اسے تنازع نہ بنایا جائے، ٹیم سری لنکا میں تینوں طرز کی سیریز جیتی اس پر خوش ہونا چاہیے، الزام تراشیوں سے کچھ حاصل نہ ہوگا۔

وقار یونس نے کہا کہ دیگر سائیڈز بھی سینئرکھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیتی ہیں وہاں تو کوئی تنازع کھڑا نہیں ہوتا، ہمیں بھی اسے کرکٹنگ فیصلہ سمجھنا چاہیے۔ وقار یونس نے کہا کہ اگر پی سی بی کی جانب سے مجھ سے کچھ پوچھا گیا تو ضرور بتاوٴں گا کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق فیصلے کیے کسی سے ذاتی عناد نہیں ہے۔بعض سابق کرکٹرز کی جانب سے اس الزام پر کہ شاہد آفریدی نے اپنی قیادت کیلئے خطرہ سمجھتے ہوئے سرفراز کو ڈراپ کرایا کوچ نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز بات ہے، آفریدی کی چند ماہ کی کرکٹ ہی باقی رہ گئی ، وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ریٹائر ہو رہا ہے، ایسے میں اسے کیوں کوئی اپنے لیے خطرہ لگے گا، میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ سرفراز کو نہ کھلانے کے پیچھے کوئی سازش نہیں تھی۔

متعلقہ عنوان :