Live Updates

اسلام آباد : پی ٹی آئی اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا معاملہ، ایم کیو ایم اور جے یو آئی (ف) نے تحاریک واپس لینے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 6 اگست 2015 10:42

اسلام آباد : پی ٹی آئی اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا معاملہ، ایم کیو ایم  اور ..

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 06 اگست 2015 ء) : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے تحریک انصاف کے اراکین کے خلاف ڈی سیٹ کرنے سے متعلق تحریک واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ اور حکومت میں معاملات طے پا گئے ہیں، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی کے اراکین کے خلاف تحریک واپس لے گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز اس معاملے پر اسپیکر سردار ایاز صادق اور الطاف حسین کا ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا جس کے بعد ایم کیو ایم کی پارلیمانی پارٹی نے تحریک انصاف اراکین کے خلاف تحریک کو واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دوسری جانب جے یو آئی (ف) نے بھی پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس لینے کے لیے ”ہاں“ کر دی ہے. حکومتی وفد اور مولانا فضل الرحمان میں تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ نہ کرنے پر اتفاق ہوگیا، تاہم اب پارلیمنٹ میں متفقہ طور پر نئی قرارداد لائی جائے گی، اسلام آباد میں وفاقی وزیر پرویز رشید کی سربراہی میں حکومتی وفد اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے بعد سربراہ جے یوآئی تحریک انصاف کے خلاف تحریک واپس لینے پر آمادہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

حکومتی وفد کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے پی ٹی آئی ارکان کے خلاف تحریک واپس لینے کی خود بھی درخواست کی اور اپنا وفد بھی بھیجا۔ قومی اسمبلی میں ایک نئی قرارداد لائے جائے گی جس کی متفقہ منظوری کے بعد پہلے والی قرارداد واپس ہوجائے گی۔ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے کھلے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریت پسندی کا ثبوت دیا ہے۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے تحریک واپس لینے کا فیصلہ کر کے عزت افزائی کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات