وزیراعظم نے کوئٹہ میں مانگی ڈیم‘ زرعی یونیورسٹی ‘ سمنگلی روڈ فلائی اوور کا سنگ بنیاد ، سریاب روڈ فلائی اوور کا افتتاح کردیا

جمعرات 6 اگست 2015 11:34

وزیراعظم نے کوئٹہ میں مانگی ڈیم‘ زرعی یونیورسٹی ‘ سمنگلی روڈ فلائی ..

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06اگست۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ میں تین بڑے منصوبوں مانگی ڈیم‘ زرعی یونیورسٹی ‘ سمنگلی روڈ فلائی اوور کا سنگ بنیاد جبکہ سریاب روڈ فلائی اوور کا افتتاح کردیا‘ منگی ڈیم منصوبہ وفاق کے تعاون سے 9853 ملین روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل ہوگا۔ جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف کا کوئٹہ پہنچنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور صوبائی وزراء نے استقبال کیا۔

وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ بھی تھے۔ وزیراعظم نے کوئٹہ پہنچنے پر تین بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ان منصوبوں میں مانگی ڈیم‘ زرعی یونیورسٹی اور سمنگلی روڈ فلائی اوور منصوبہ شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف ‘ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی‘ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ بھی موجود تھے۔

منگی ڈیم منصوبہ وفاق کے تعاون سے 9853 ملین روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل کیا جائے گا۔ زرعی یونیورسٹی 4589 ملین روپے سے زائد کی لاگت سے تین سال میں مکمل ہوگی۔ سمنگلی روڈ فلائی اوور منصوبہ 1499 ملین روپے کی لاگت سے دو سال میں مکمل ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف نے سریاب پھاٹک فلائی اوور کا بھی افتتاح کیا سریاب پھاٹک فلائی اوور منصوبہ 1581ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔