سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف دونوں ٹی 20 نہ کھلانے کی منطق سمجھ سے باہر ، رمیز راجہ

جمعرات 6 اگست 2015 12:31

سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف دونوں ٹی 20 نہ کھلانے کی منطق سمجھ سے ..

اسلام آباد/دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اگست۔2015ء)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف دونوں ٹی 20 انٹرنیشنل میں نہ کھلانے کی منطق سمجھ سے باہر ہے۔رمیز راجہ نے دبئی سے بی بی سی کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اس وقت وکٹ کیپر بیٹسمین کے طور پر ٹیم میں پہلا حق سرفراز احمد کا ہے۔

وہ میچ ونر ہیں اور ایک ایسے کرکٹر ہیں جو ٹیم پر گہرا اثر رکھتے ہیں لہٰذا وہ یا ان جیسے کسی بھی کرکٹر کے نام ٹیم کی شیٹ میں سب سے پہلے لکھ دئیے جاتے ہیں، باقی ٹیم بعد میں بنتی ہے۔رمیز راجہ نے کہا کہ انھیں اس سوال کا جواب ابھی تک نہیں مل سکا ہے کہ ایک ایسا بیٹسمین جو زبردست فارم میں ہو، نوجوان ہو اور جس فارمیٹ کا نائب کپتان ہو، آپ اسی فارمیٹ میں اسے باہر بٹھا دیں رمیز راجہ نے کہا کہ ابھی پاکستان کے پاس سلیکشن کے نقطہ نظر سے کھلاڑیوں کا پول اتنا وسیع نہیں ابھی پاکستانی ٹیم پوری طرح سنبھلی بھی نہیں ہے کہ اس طرح کے تجرے شروع کر دئیے گئے ہیں یہ تواچھا ہوا کہ ٹیم دونوں میچوں میں جیت گئی اگر یہ تجربہ ناکام ہوجاتا تو یہ لوگ منھ دکھانے کے قابل نہ ہوتے۔

(جاری ہے)

رمیز راجہ نے یاد دلایا کہ ورلڈ کپ میں بھی سرفراز احمد کو ابتدائی میچوں میں نہیں کھلایا گیا تھا اور جب انھیں موقع دیا گیا تو انھوں نے منہ توڑ جواب دے دیا اس کے بعد بھی انھوں نے برے وقتوں میں کئی دلیرانہ اننگز کھیلی ہیں۔