وسیم اکرم پر فائرنگ ، کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے میڈیا میں یہ خبر چھائی رہی

جمعرات 6 اگست 2015 12:43

وسیم اکرم پر فائرنگ ، کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے میڈیا میں یہ خبر چھائی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06اگست۔2015ء) سابق کپتان وسیم اکرم پر کراچی میں فائرنگ کی گونج پوری دنیائے کرکٹ میں سنائی دی، سوئنگ کے سلطان سے پیش آنے والا واقعہ غیرملکی میڈیا پر بھی چھایا رہا، کھلاڑیوں نے واقعے کی مذمت کے ساتھ فاسٹ بولر کے محفوظ رہنے پر شکر بھی ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سابق کپتان اور معروف فاسٹ بولر وسیم اکرم پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں وہ محفوظ رہے، کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے میڈیا میں یہ خبر چھائی رہی جبکہ سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے شدید مذمت کی۔

ٹوئنٹی 20 کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ وسیم اکرم پر فائرنگ کا واقعہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔حکومت کو مجرموں کے ساتھ سختی سے پیش آنا چاہیے۔ بھارت کے سابق اسپنر انیل کمبلے نے ٹویٹر پر کہا کہ مجھے ابھی معلوم ہوا ہے کہ وسیم اکرم پر حملہ ہوا، یہ کافی اچھی بات ہے کہ وہ اس واقعے میں مکمل طور پر محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

اوپنر احمد شہزاد نے ٹویٹ کیا کہ مجھے ابھی ہی معلوم ہوا کہ وسیم اکرم پر کراچی میں حملہ ہوا جب وہ نوجوان بولرز کو سکھانے کے لیے جارہے تھے، یہ انتہائی خوفناک واقعہ ہے۔

اچھی بات یہ ہے کہ وہ محفوظ رہے۔ ثقلین مشتاق نے کہا کہ ’یہ بہت ہی اچھی خبر ہے کہ میرے بھائی وسیم اکرم ٹھیک ہیں، اللہ تعالیٰ انھیں اور اہل خانہ کو محفوظ رکھے‘۔ فاسٹ بولر وہاب ریاض کہتے ہیں کہ وسیم اکرم کا اس واقعے میں محفوظ رہنا خوشی کا باعث ہے، اللہ انھیں صحت و سلامتی سے رکھے۔ محمد حفیظ نے کہا کہ ’ مجھے عظیم وسیم اکرم پر فائرنگ کے واقعے سے شدید صدمہ پہنچا اور میں اس واقعے کی مذمت کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ وہ محفوظ ہیں‘۔

متعلقہ عنوان :