ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ، برطانوی تیراک ایڈم پیٹی نے تیسرا گولڈ میڈل جیت کر عالمی ریکارڈ بنا دیا

جمعرات 6 اگست 2015 14:37

ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ، برطانوی تیراک ایڈم پیٹی نے تیسرا گولڈ میڈل جیت ..

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06اگست۔2015ء) برطانوی تیراک ایڈم پیٹی کا ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ میں فتوحات کا سلسلہ جاری ہے انہوں نے تیسرا گولڈ میڈل جیت لیا اور ساتھ ہی نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق روسی شہر کازان میں ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ جاری ہے جس میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایڈم پیٹی نے تیراکی کے مختلف مقابلوں میں تین گولڈ میڈل اپنے نام کئے ہیں اور ساتھ ہی چار سو میٹر مکسڈ مقابلے میں نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

چار سو میٹر مکسڈ فائنل میں برطانیہ کے کرس واکر،ایڈم پیٹی،سیوبن اوکونور اور فران ہالسال نے مجموعی طور پر تین منٹ اور اکتالیس اعشاریہ سات ایک سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کرکے دو روز قبل بننے والے عالمی ریکارڈ کو توڑ دیا۔ امریکی ٹیم دوسرے جبکہ روسی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔اس سے قبل پیٹی نے پچاس اور سو میٹر بریسٹ سٹروک سوئمنگ مقابلوں میں بھی گولڈ میڈل جیتے ہیں۔ ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ میں چین بارہ گولڈ میڈل کے ساتھ پہلے، روس دوسرے جبکہ امریکا تیسرے نمبر پر ہے۔