ڈرون سے جیل میں گرائی منشیات پر جھگڑا

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 6 اگست 2015 18:47

ڈرون سے جیل میں گرائی منشیات پر جھگڑا

اوہائیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6اگست۔2015ء)جیل کے حکام کے مطابق ایک ڈرون نے جیل کے صحن میں اس وقت منشیات گرائی ، جب قیدی صحن میں تھے۔ اس کے بعد قیدیوں میں لڑائی ہو گئی۔ یہ واقعہ مینسفیلڈ کوریکشنل انسٹی ٹیوٹ میں پیش آیا جو کلیو لینڈ کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔ڈرون نے جو پیکیج گرایا تھا اس میں ایک اونس کی چوتھائی ہیروئن، 2 اونس میری جوانا اور 5 اونس تمباکو تھا۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون پہلے بھی جیل کے سیکورٹی حصار کو توڑ چکے ہیں۔حکام ڈرون کے حوالے سےسیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کر رہے ہیں۔ محکمے کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ڈرون نے قیدیوں پر منشیات گرائی اور جھگڑا شروع ہو گیا۔تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ڈرون نے منشیات صحن کے شمالی حصے میں پھینکی تھی مگر پھر کسی نے باڑ کے اوپر سے اسے جنوبی حصے میں پھینک دیا اور لڑائی شروع ہو گئی۔

(جاری ہے)

حکام نے لڑائی بند کرانے کے لیے قیدیوں پر مرچوں کے پانی کا سپرے کیا۔لڑائی میں ملوث نو افراد کو الگ کر کے الگ سیل میں ڈال دیا ہے۔ حکام کی کوششوں نے پچھلے سال ایسے واقعات میں بہت حد تک کمی آ گئی تھی، جس میں بیرونی افراد دیوار کے اوپر سے جیل میں مختلف چیزیں پھینک دیتے تھے، تاہم اب جدید ڈرونز کی آمد کے مجرموں نے قیدیوں تک منشیات وغیرہ پہنچانے کا نیا طریقہ نکال لیا ہے۔