مستقبل میں مغربی نیپال اور بھارت میں بڑا زلزلہ آنے کا خدشہ ہے ،سائنسدانوں کا انتباہ

رواں برس اپریل میں نیپال میں آنے والے زلزلے سے وہ تمام توانائی خارج نہیں ہوئی جو کہ زیرِ زمین جمع ہے بلکہ یہ دباؤ مغرب کی جانب منتقل ہوگیا ،اگر آج کوئی زلزلہ آتا ہے تو وہ صرف مغربی نیپال ہی نہیں شمالی بھارت کے گنجان آباد علاقوں کی وجہ سے تباہ کن ہو گا،پروفیسرژاں فلیپ ایوویک

جمعہ 7 اگست 2015 22:11

مستقبل میں مغربی نیپال اور بھارت میں بڑا زلزلہ آنے کا خدشہ ہے ،سائنسدانوں ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07اگست۔2015ء) سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ مغربی نیپال اور شمالی بھارت میں مستقبل میں ایک بڑا زلزلہ آنے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔نئے اعداد و شمار سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ رواں برس اپریل میں نیپال میں آنے والے زلزلے سے وہ تمام توانائی خارج نہیں ہوئی جو کہ زیرِ زمین جمع ہے بلکہ یہ دباؤ مغرب کی جانب منتقل ہوگیا ہے۔

یہ تحقیق جیو سائنس اور سائنس نامی رسالوں میں شائع ہوئی ہے اور اس کے مصنفین کا کہنا ہے کہ اس دریافت کے بعد اب مذکورہ علاقے کی زیادہ نگرانی کی ضرورت ہے۔کیمبرج یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے پروفیسر ڑاں فلیپ ایوویک نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ وہ علاقہ ہے جو توجہ کا طالب ہے۔ اگر آج کوئی زلزلہ آتا ہے تو وہ صرف مغربی نیپال ہی نہیں شمالی بھارت کے گنجان آباد علاقوں کی وجہ سے تباہ کن ہو گا۔

(جاری ہے)

‘نیپال میں رواں برس س7.8 شدت کے زلزلے سے نو ہزار افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی اور بے گھر ہوئے تھے۔یہ زلزلہ اس علاقے میں آیا جہاں انڈین ٹیکٹونک پلیٹ شمال کی جانب یوریشیئن پلیٹ میں دھنستی ہے اور اس کی وجہ سے یہاں زمین سالانہ دو سنٹی میٹر کی شرح سے حرکت کر رہی ہے۔ان دونوں پلیٹوں کا سرحدی علاقہ آپس میں دھنسنے کی وجہ سے بند ہو چکا ہے اور یہاں جمع ہونے والی توانائی کسی بڑے زلزلے کے نتیجے میں ہی خارج ہو سکتی ہے۔

25 اپریل کو آنے والے زلزلے سے اس توانائی کا جزوی اخراج ہی ہوا ہے۔پروفیسر ایوویک کا کہنا ہے کہ ’اگر زلزلے سے اس بند حصے میں دراڑیں پڑتیں جو ہمالیہ کے دامن تک جاتیں تو نیپال کے زلزلے کی شدت کہیں زیادہ ہوتی۔‘تاہم ان کا کہنا ہے کہ چونکہ ایسا نہیں ہوا اس لیے کچھ دباؤ مغرب کی جانب منتقل ہو گیا ہے اور یہ علاقہ نیپال میں پوکھرا کے مغرب سے بھارت میں دہلی کے شمالی علاقوں تک پھیلا ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’فی الوقت تو ہم مغربی نیپال کے بارے میں زیادہ فکرمند ہیں۔‘ماہرین کے مطابق اس علاقے میں ایک بڑا زلزلہ آنے کا وقت آ چکا ہے۔ یہاں 1505 میں بڑا زلزلہ آیا تھا جس کی شدت 8.5 سے زیادہ تھی۔محققین کا کہنا ہے کہ اب جبکہ دباؤ بھی اسی علاقے کی جانب منتقل ہوا ہے تو وہ پانچ سو برس سے جمع ہونے والی توانائی میں شامل ہو کر تباہی لا سکتا ہے۔

ان کے مطابق اگرچہ زلزلے کی آمد کا درست اندازہ لگانا ناممکن ہے لیکن اب مغربی نیپال کے مذکورہ علاقے کی مسلسل نگرانی کی جانی چاہیے۔پروفیسر ایوویک کے مطابق ’ہم لوگوں کو خوفزدہ نہیں کرنا چاہتے لیکن ضروری ہے کہ انھیں خبر ہو کہ وہ اس علاقے میں مقیم ہیں جہاں توانائی کا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’نیپال میں بہت سے خاندان اپنے مکانات تعمیر کر رہے ہیں جن میں زلزلے کا خیال نہیں رکھا جا رہا۔ ضروری ہے کہ ایسے چھوٹے مکانات بنائے جائیں جو بڑے زلزلوں کو سہار سکیں۔

متعلقہ عنوان :