42منصوبوں کی تکمیل سے سپورٹس کے نئے دور کا آغاز ہوگا، عثمان انور

ہفتہ 8 اگست 2015 13:07

42منصوبوں کی تکمیل سے سپورٹس کے نئے دور کا آغاز ہوگا، عثمان انور

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اگست۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں سپورٹس کی ترقی کیلئے 42منصوبوں کی تکمیل سے نوجوانوں کو سپورٹس کے وسیع مواقع ملیں گے جس سے سپورٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے سہولتیں فراہم ہوں گی، جمعہ کے روز اپنے بیان میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ سپورٹس کی ترقی اور فروغ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں ہے، سپورٹس کے انفراسٹرکچر کو مضبوط کررہے ہیں تاکہ سپورٹس کا بڑے سے بڑا ایونٹ پاکستان میں منعقد کرایا جا سکے، اس کے لئے کھیلوں کے مزید گراؤنڈز بنائے جارہے ہیں اور فعال گراؤنڈز میں مزید سہولتیں فراہم کررہے ہیں، سپورٹس عام شہری کی زندگی میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے اس لئے ہر شہری کو 2020ء تک سپورٹس کی سہولت فراہم کردیں گے۔

(جاری ہے)

رواں سال کیلئے 42منصوبوں کی منظوری مل چکی ہے جن کی تکمیل سے سپورٹس کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا،نوجوانوں کو گھر کے قریب گراؤنڈز آباد ملیں گے جہاں وہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے۔نوجوان کھلاڑیوں کو سپورٹس بورڈ پنجاب ہر طرح کی سہولتیں فراہم کررہا ہے، کھلاڑیوں کو اتنی سہولتیں دیں گے کہ وہ سہولتیں کی کمی کا شکوہ نہیں کرسکیں گے، ہم نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے پاس آئیں ان میں جو بھی ٹیلنٹ ہوگا اس کے مطابق تربیت کیلئے کوچز دیں گے اور ضرورت ہوئی تو بین الاقوامی کوچز سے بھی تربیت دلائیں گے۔