امریکہ، زہریلا پودا جسے ہاتھ لگانے والا بینائی سے محروم ہوسکتا ہے

ہفتہ 8 اگست 2015 13:57

امریکہ، زہریلا پودا جسے ہاتھ لگانے والا بینائی سے محروم ہوسکتا ہے

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اگست۔2015ء) امریکا میں دلکش اورخوبصورت نظر آنے والے ایک بڑے ’ہوگ ویڈ‘ درخت کا انکشاف ہوا ہے جسے ہاتھ لگانے سے جلد جلنے لگتی ہے اوروہ بینائی سے بھی محروم ہوسکتا ہے۔امریکی ریاست مشی گن کی کالہاوٴن کاوئنٹی کے محکمہ صحت نے خبردارکیا ہے کہ دلکش اورخوبصورت نظر آنے والے ایک بڑے ’ہوگ ویڈ‘ درخت کا انکشاف ہوا ہے جس سے دوررہا جائے، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ ہوگ ویڈ درخت ایک دھوکے بازدرخت ہے اورخوبصورتی کے روپ میں اس میں زہربھرا ہوا ہے۔

کاوٴنٹی ماحولیاتی اورمحکمہ صحت کے ڈائریکٹرپاوٴل میکوسکی کا کہنا ہے کہ جب کوئی اس درخت کو ہاتھ لگاتا ہے تواس کے پتوں پر لگا سیال مائع ہاتھوں کو لگ جاتا ہے جس سے جلد جلنے لگتی ہے اور سورج کی روشنی جلد پر پڑتے ہی اس پر سرخ رنگے کے آبلے بن جاتے ہیں جو انتہائی تکلیف دہ ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اگر پتوں پر لگا یہ گاڑھا مائع آنکھ میں چلا جائے تو انسان کو بینائی سے محروم کردیتا ہے جب کہ بعض اوقات اس زہر کے اثرات 24 سے 48 گھنٹوں بعد ظاہر ہونا شروع ہوتے ہیں۔

میکوسکی کا درخت کے بارے میں کہنا تھا کہ یہ 18 فٹ تک لمبا ہوسکتا ہے جب کہ یہ عام پودوں کے درمیان ہی پرورش پاتا ہے۔ اس پودے کو محکمہ صحت کے آفیسر باب کاورڈ نے کاوٴنٹی میں ایک سڑک کے کنارے دیکھا اور وہاں سے اسے جڑ سے اکھاڑ دیا۔ ان کا کہنا تھا پودے کا پھول بہت خوبصورت نظر آتا ہے اور ہر ایک کا دل چاہتا ہے کہ اسے چھو کر دیکھے لیکن حقیقت میں اسے چھونا تکلیف کو دعوت دینا ہے