پاک بھارت سیریزسیاست کی نذر نہیں ہونی چاہیے،مصباح الحق

ہفتہ 8 اگست 2015 15:07

پاک بھارت سیریزسیاست کی نذر نہیں ہونی چاہیے،مصباح الحق

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اگست۔2015ء) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کہتے ہیں اس بار پاک بھارت سیریز سیاست کی نذر نہیں ہونی چاہیے،سپر لیگ کا انعقاد پاکستان کرکٹ کیلئے انتہائی خوش آئند ہے۔ممبئی حملوں کے بعد سے پاک بھارت کرکٹ سیریز تعطل کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

دونوں بورڈز میں ایم او یو ہونے اور دوطرفہ تعلقات میں بہتری سے رواں برس دسمبر میں سیریز کا انعقاد یواے ای میں طے ہے مگر بھارتی ہٹ دھرمی سیریز کی راہ میں ایک بار پھر رکاوٹ بنتی جارہی ہے،تاہم کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کھیلوں کو سیاست سے دور رکھا جائے اور پاک بھارت سیریز کا انعقاد بے حد ضروری ہے کیونکہ اس پر دونوں ملکوں کی عوام کی ہی نہیں دنیا بھر کے شائقین کی نظریں ہوتی ہیں۔

مصباح الحق نے پاکستان سپر لیگ کے قطر میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی اور ڈومسیٹک کرکٹرز کو مالی فائدے کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹرز سے کھیلنے کا موقع بھی ملے گا۔ کپتان مصباح الحق کے مطابق ان کی نظریں انگلینڈ کے خلاف سیریز پر ہیں اور اس کیلئے وہ خود کو فٹ رکھنے کیلئے بھرپور ٹریننگ کررہے ہیں۔