جماعتہ الدعوۃ نے بھارتی فلم ’’فینٹم ‘‘کی پاکستان میں نمائش روکنے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی،سماعت کیلئے منظور

بھارتی فلم ’’فینٹم ‘‘پاکستان مخالف ہے ، متنازعہ فلم کی ریلیز سے پاکستان میں انارکی پھیلنے کا خدشہ ہے ‘درخواست میں موقف

ہفتہ 8 اگست 2015 19:40

جماعتہ الدعوۃ نے بھارتی فلم ’’فینٹم ‘‘کی پاکستان میں نمائش روکنے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اگست۔2015ء ) امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے بھارتی فلم ’’فینٹم‘‘ کی پاکستان میں نمائش روکنے کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ،جسٹس شاہد بلال کل پیر کے روز درخواست پر سماعت کریں گے۔حافظ محمد سعیدکے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بھارتی فلم ’’فینٹم‘‘ پاکستان مخالف ہے ،اس فلم میں پاکستان اور حافظ محمد سعید کے خلاف پروپیگنڈہ اور نازیبا الفاظ استعمال کئے گئے ہیں ۔

متنازعہ فلم کی ریلیز سے پاکستان میں انارکی پھیلنے کا خدشہ ہے اس لئے اس کی پاکستان میں نمائش کو روکا جائے۔ بھارتی ’’فلم فینٹم‘‘ بظاہر انڈیا میں ہونے والے ممبئی حملوں اور دنیامیں دہشتگردی کے موضوع پر بنائی گئی ہے تاہم اس کی آڑمیں پاکستان کے خلاف غلیظ پروپیگنڈا کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ممبئی میں ہونے والے حملے بھارت نے خودکرائے تھے اور پروپیگنڈا کے ذریعے پاکستان اور پاک افواج کو بدنام کرنے کیلئے ایسی فلمیں بھارت میں تواترسے بنائی جارہی ہیں۔

استدعاہے کہ بھارتی فلم کو نمائش کی اجازت نہ دی جائے ۔لاہور ہائیکورٹ نے حافظ سعید کی درخوست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی ہے اور کل پیر کے روز جسٹس شاہد بلال درخواست پر سماعت کریں گے۔ بھارتی فلم 28اگست کو پاکستان میں ریلیز ہو رہی ہے اور اس میں سیف علی خان اور کترینہ کیف ہیر و ہیرئن کا کر دار نبھارہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :