محکمہ آبپاشی کی جانب سے حفاظتی بندوں پر کام میں کی جانے والی کوتاہیوں کی انکوائری کی جائے گی،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

سگیوں بند کو بچانے کے لیے مقامی سماجی تنظیم ،مقامی زمینداروں اور عوام نے بڑی ہمت کے ساتھ کام کیا اور بند میں شگاف پڑنے سے بچایا جو قابل تحسین ہے،سگیوں بند کے مقام پر دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 8 اگست 2015 22:04

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اگست۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے حفاظتی بندوں پر کام میں کی جانے والی کوتاہیوں کی انکوائری کی جائے گی افسوس کی بات ہے یہاں دریا بالکل بندکے ساتھ ہے جو دباؤ ڈال رہا ہے جس کی وجہ سے بند پر کن کا خطرہ پیدا ہوا جو بھی اقدامات محکمہ آبپاشی نے کیے وہ اطمینان بخش نہیں سگیوں بند کو بچانے کے لیے مقامی سماجی تنظیم ،مقامی زمینداروں اور عوام نے بڑی ہمت کے ساتھ کام کیا اور بند میں شگاف پڑنے سے بچایا جو قابل تحسین ہے جبکہ اس بند کے کمزور ہونے کی صورت میں اس کے برعکس دوسرا حفاظتی بند بنایا جارہا ہے ہمیں امید ہے کہ یہ بند بھی کارآمد رہے گا اس بات کی انکوائری کی جائے گی کہ بند پر توجہ دی گئی یا نہیں دی گئی بند پر شگاف پڑنے کی شکایت پر کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر ، انجینئراور دیگر بند پر موجودرہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سگیوں بند کے مقام پر دریائے سندھ کے سیلابی پانی سے دریا کے بند کو کھانے کی شکایت پر سگیوں بند کے مقام پر دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ گڈو بیراج سے سمندر تک 1300 میل کا فاصلہ ہے پانی اتنا نہیں آیا ہائی فلڈ میں بندوں پر دباؤ نہیں ہوتا لیکن کافی عرصے بعد ایسا دباؤ دیکھنے میں آیا ہے آخری پانی کا ریلہ آئے گا وہ بڑا ریلہ ہے شینک اور گڈو پر جارہاہوں جہاں آنے والے پانی کے بارے میں معلومات لوں گا دریاء کا نقصان نہیں ہوا ہے کچے میں جو بھی فصلیں ہیں ان کا نقصان ہوا ہے کچے کے لوگوں نے پکے مکان بنالیے ہیں وہ کچے کے علاقوں کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں ان کو اپنی فصلوں سے بہت پیار ہے کیونکہ ان کا گزر بسر ان فصلوں پر ہی ہوتا ہے لیکن جو بھی لوگ کچے کے علاقوں سے نکل کر ریلیف کیمپوں میں آگئے ہیں ان کو صحت، خوراک، رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جو لوگ بھی حفاظتی بندوں پر آئیں گے ان کو تمام تر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جو ان کو پوری کرنے ہوگی اس سے قبل سیکریٹری آبپاشی سید ظہیر حیدر شاہ نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو سگیوں بند کے مقام پر دریاء کے پانی کے کن لگنے کے بارے میں بریفنگ دی اور بند پر ہونے والے ترقیاتی کام کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیاجبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سگیوں بچاؤ بند کا دورہ کیا اور بند کو کھانے کی جگہ کا معائنہ کیا اس موقع پر سابق ایم این اے سید جاوید علی شاہ، کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ ، ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی ، چیف انجینئر محکمہ آبپاشی ولی محمد نائچ ،ڈی آئی جی سکھر کامران افضل ، ایس ایس پی خیرپور ساجد کھوکھر اور دیگر پارٹی رہنما موجود تھے ۔