سوشل میڈیا پر کروڑوں لوگوں کا دل دہلا دینے والی معصوم بچی کی تصویر کی حقیقت سامنے آگئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 8 اگست 2015 22:39

سوشل میڈیا پر کروڑوں لوگوں کا دل دہلا دینے والی معصوم بچی کی تصویر کی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 8 اگست 2015 ء) گزشتہ چند روز میں سوشل میڈیا پر کروڑوں لوگوں کا دل دہلا دینے والی معصوم بچی کی تصویر کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک معصوم بچی کی تصویر زیر گردش ہے۔ اس تصویر نے دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کے دل دہلا دیے ہیں۔ یہ تصویر شام کے ایک پناہ گزین کیمپ میں موجود ایک بچی ہودیا کی ہے۔

شام کے غرب وسطی علاقے کے ایک شہر حماۃ میں ہونے والے بمباری میں اس کے والد ہلاک ہوگئے تھے۔ ترکی کی سرحد کے ساتھ وہ اپنی والدہ اور تین بہن بھائیوں کے ہمراہ ایک پناہ گزین کیمپ میں مقیم ہے۔ تصویر اتارنے والے فوٹوگرافر کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے اپنے کیمرے کا رُخ اس کی جانب کیا تو اس معصوم بچی نے اس کو ہتھیار خیال کرتے ہوئے اپنے ہاتھ بلند کردیے۔

(جاری ہے)

اس وقت خوف اس بچی کے چہرے پر پھیلا ہوا تھا۔ اسے محسوس ہوا کہ یہ بندوق ہے اور اب گولی چلے گی لہذا وہ ڈر گئی، اپنے ہونٹ بھینچ لیے اور فوری ہاتھ اٹھا لیے۔ یہ تصویر پہلی مرتبہ جنوری میں ترکی کے اخبار میں شایع ہوئی تھی۔ اس تصویر کو ایک خاتون فوٹو جرنلسٹ نادیہ ابو شبان نے جب گزشتہ منگل کو ٹوئیٹ کیا تو یہ پوری دنیا میں پھیل گئی۔ یاد رہے کہ شام میں نقل مکانی پر مجبور ہونے والے ہزاروں افراد نے پناہ گزین کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے۔ جنگ کا شام کے لوگوں پر کیا اثر ہے یہ بڑوں سے زیادہ بچوں کی حالت اور خاص کر اس بچی کی تصویر سے ظاہر ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :