ملک میں باکسنگ کے فروغ کیلئے ماسٹر پلان کی تیاری

پیر 10 اگست 2015 14:49

ملک میں باکسنگ کے فروغ کیلئے ماسٹر پلان کی تیاری

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اگست۔2015ء)پاکستان باکسنگ کونسل کے چیئر مین شیخ محمد ابراہیم نے کہاہے کہ باکسنگ کو گراس روٹ لیول پر فروغ دینے اورعالمی معیار کے کھلاڑی پیدا کر کے ملک کو ایک مرتبہ پھر میڈلز دلانا زندگی کا مشن ہے جس کی تکمیل اور کھیل کا معیار بلند کرنے کیلئے ایک ماسٹر پلان تیار کر رہے ہیں جس پر عمل درآمد شروع ہونے سے قومی ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہو ں نے کہا کہ باکسنگ دنیا کے 100سے زائد ممالک میں پروفیشنل بنیادوں پرکھیلا جانے والا کھیل ہے۔ ماضی میں پاکستانی باکسرز نے اپنے شاندار کھیل کی بدولت عالمی سطح پر کافی میڈلز حا صل کرکے ملک کا نام روشن کیا لیکن حکو متی عدم توجہی اور ناقص منصوبہ بندی اور باکسنگ کو فروغ دینے کیلئے قائم پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے عہدے داران کی چپلقش نے کھیل کو زوال کا شکار کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اب بھی بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جو حکومتی عدم توجہی اور بعض ناگزیر وجوہات کی بناء پر زنگ آلود ہو رہا ہے پاکستان باکسنگ کونسل نے اس ٹیلنٹ کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے منصوبہ بندی کر لی ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان باکسنگ کونسل نے کھیل کو گراس روٹ لیول پرفروغ دینے کیلئے باکسنگ کے مایہ ناز سابق کھلاڑیوں ، باکسنگ کے آرگنائزرز اور ٹیکنیکل آفیشلز سے مشاور ت کر لی ہے۔ ان کی جانب سے ملنے والی تجاویز کی روشنی میں ہم جلد ایک ماسٹر پلان تیار کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس پلان پر عمل درآمد کیلئے سابق ورلڈ چیمپئن عامر خان سمیت دنیا کے نامور باکسرز کی خدمات بھی حاصل کریں گے۔