جس پارلیمنٹ کیلئے جدوجہد کی، اپنی نشست چھوڑی اس کا ایک مرحلہ آج مکمل ہوگیا، مخدوم جاوید ہاشمی

عمران یہاں ہوتے تو مبارکباد دیتا، آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ماضی کے لمحے یاد دلاتا دھرنے کی لمبی داستان ہے، جانتا تھا حالات کس نہج پر جارہے ہیں، آج تک الزامات نہیں لگائے ، دھرنے کی تحقیقات ہونی چاہئیں ، قوم کو پتہ چل سکے پیچھے کون تھا،پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 10 اگست 2015 22:42

جس پارلیمنٹ کیلئے جدوجہد کی، اپنی نشست چھوڑی اس کا ایک مرحلہ آج مکمل ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اگست۔2015ء) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ جس پارلیمنٹ کیلئے جدوجہد کی تھی اس کیلئے اپنی نشست بھی چھوڑ دی، اس جدوجہد کا ایک مرحلہ آج مکمل ہو گیا، آج عمران خان یہاں ہوتے تو ان کا استقبال کرتا اور مبارکباد دیتا، ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ماضی کے لمحے یاد دلاتا، پارٹی اجلاس میں طے ہوا تھا کہ آگے نہیں بڑھنا لیکن عمران خان نے کہا کہ ہاشمی صاحب اب ہمیں آگے بڑھنا ہے، میں نے کہا کہ مطالبات تسلیم کر لئے گئے، اب آگے نہیں بڑھنا لیکن عمران خان نے کہا کہ طاہر القادری کے لوگ آگے بڑھ رہے ہیں، اب پیچھے کیا بچے گا،ملتان میں 100 کنال اراضی میرے آباؤ اجداد کی تھی اب زرعی یونیورسٹی کیلئے وقف کردی ہے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آج خوش ہوں جس پارلیمنٹ و جمہوریت کیلئے جدوجہد کی تھی اس کیلئے اپنی نشست بھی قربان کردی، اس ساری جدوجہد کا ایک مرحلہ مکمل ہو گیا، آج اگر عمران خان یہاں ہوتے تو میں استقبال کرتا اور ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ماضی کے کچھ لمحے یاد دلاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھرنے کی ایک لمبی داستان ہے، میں جانتا تھا حالات کس نہج پر جا رہے ہیں۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں نے آج تک الزامات نہیں لگائے، آخری رات عمران خان پوری پارٹی سے کنٹینر پر کھڑے ہو کر کہا کہ اب آگے نہیں جائیں گے، ہمارے مطالبات مان لئے گئے، جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ مان لیا گیا اب آگے جانے کی کوشش نہیں کرنی۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ مذاکرات میں مختلف اداروں کے لوگ بیٹھے تھے، مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد آگے جانے کی گنجائش نہیں لیکن عمران خان نہیں مانے اور آگے جانے کیلئے کہا، طاہر القادری اور عمران خان کی لندن میں ملاقات ہوئی تھی اس کے بعد میں نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ بغاوت کا اعلان کیا جس کی وجہ سے آج پارلیمنٹ و جمہوریت اپنے راستہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے کی تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ قوم کو پتہ چل سکے کہ دھرنے کے پیچھے کون تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کمزور کندھا دے کر جمہوریت کو بچایا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں 100 کنال اراضی میرے آباؤ اجداد کی ہے جو میں نے زرعی یونیورسٹی کیلئے وقف کردی ہے۔ جاوید ہاشمی نے سانحہ قصور کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد سے جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

متعلقہ عنوان :