ہماکلب نے پی ٹی وی کو جشن آزادی فٹ بال میچ میں 2-0 گول سے ہرا دیا

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 11 اگست 2015 12:43

ہماکلب نے پی ٹی وی کو جشن آزادی فٹ بال میچ میں 2-0 گول سے ہرا دیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 اگست۔2015ء)ہماکلب اسلام آباد نے پی ٹی وی کو پی ٹی وی جشن آزادی فٹ بال میچ میں 2-0 گول سے ہرا دیا، میچ کا افتتاح گلگت بلتستان کے سنیئر وزیر حاجی اکبر تاوان نے کیا جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پی ٹی وی کے ڈائریکٹر فنانس وسیم پرویز تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں اسناد اور کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم ہماکلب کے کپتان ناصر جمیل کو ٹرافی پیش کی، اس موقع پر پی ٹی وی کے کرنل(ر) حسن عماد محمڈی ، آرگنائزنگ سیکرٹری محمد عارف قریشی، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری اطلاعات رانا تنویراحمد، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے آفیشلز سید شرافت حسین بخاری، محمد زمان، ذاکر حسین نقوی کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھے، جناح سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں وقفے تک ہماکلب کو قومی بی ڈویژن فٹ بال لیگ کھیلنے والی پی ٹی وی ٹیم کے خلاف 1-0 گول کی برتری حاصل تھی دوسرے ہاف میں ہما کلب نے مزید ایک گول کرکے مقابلہ 2-0 سے جیت لیا،کھیل کے پہلے ہاف کے 33 ویں منٹ میں ہما کلب کو پی ٹی وی کلب کے خلاف پنلٹی کک ملی جس پر عمرخان نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ دوسرے ہاف کے 7 ویں منٹ میں ہماکلب کو پی ٹی وی کے خلاف ایک بارپھر پنلٹی کک ملی جس پر عمران نے گول کرکے مقابلہ دگنا 2-0 کردیا، ہماکلب کو دونوں پنلٹی ککس ریفری ابراہیم نے پی ٹی وی کے کھلاڑیوں کو فول کھیلنے پر دی، میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل پی ٹی وی نے ہماکلب کے خلاف پنلٹی کک حاصل کی لیکن پی ٹی وی کے کھلاڑی ضرار گول کرنے میں ناکام رہے،پی ٹی وی کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے میچ کے دوران مارجن کم کرنے کی سرتوڑ کوشش کی لیکن ہما کلب کے کھلاڑیوں نے ان کے تمام موقعے ضائع کر دیئے، میچ کے دوران ہما کلب کی طرف سے گول کیپر سہیل ، بلال اور ذیشان نے جبکہ پی ٹی وی کی طرف سے رضا اللہ اور انجم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہر ہ کیا