ایم کیو ایم کے اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے فاروق ستار کے حوالے کر دیئے

بدھ 12 اگست 2015 11:32

ایم کیو ایم کے اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے فاروق ستار کے حوالے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست2015ء) مائنس الطاف فار مولا مسترد ، متحدہ کا کراچی آپریشن کے خلاف احتجاجا قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ ، ایم کیو ایم کے اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے فاروق ستار کے حوالے کر دیئے۔ متحدہ کے اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کے حوالے کر دیئے ، فاروق ستار دیگر پارٹی پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ استعفے آج قومی اسمبلی میں جمع کرائیں گے۔

گزشتہ روز ہونے والے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ کراچی آپریشن کارکنوں کے مبینہ قتل اور گرفتاریوں پر متحدہ کو شدید تحفظات رہے ہیں۔ اس حوالے سے ایم کیو ایم کی قیادت ، ارکان سینیٹ ، قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں کراچی آپریشن ، کارکنوں کی گرفتاریوں پر مسلسل احتجاج اور آواز بلند کرتی رہی ہے۔

(جاری ہے)

دو روز قبل ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی میں قتل اور گرفتار ہونے والے مبینہ کارکنوں کی فہرست پیش کی اور متحدہ کے ارکان نے احتجاجاً قومی اسمبلی سے واک آوٹ بھی کیا تھا۔

متحدہ ، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سمیت اعلٰی حکومتی ذمہ داران کو بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کرتی رہی ہے تاہم اب ان ہی تحفظات کی بنیاد پر ایم کیوا یم نے تمام ایوانوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم اراکین قومی اسمبلی آج اپنے استعفے جمع کروائیں گے ادھر متحدہ کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے بعد مرحلہ وار استعفے دیئے جائیں گے۔