شوبز میں بھرپور محنت اور جدوجہد سے اپنا مقام بنایا ہے‘ ماریہ واسطی

بدھ 12 اگست 2015 12:24

شوبز میں بھرپور محنت اور جدوجہد سے اپنا مقام بنایا ہے‘ ماریہ واسطی

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء) اداکارہ ماریہ واسطی نے کہا ہے کہ شوبز میں مجھے کام کرتے ہوئے 25سال مکمل ہونے والے ہیں اور میں نے ان 25سالوں میں بھرپور محنت اور جدوجہد سے اپنا مقام بنایا ہے ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے پروڈیوسر بختیار احمد نے اپنے ایک ڈرامے کے ذریعے اداکاری کا موقع دیا اور پھر اس وقت سے لے کر آج تک میرا سفر جاری ہے اور اب تک اتنے ڈراموں میں کام کر چکی ہوں کہ مجھے خود بھی ان کی تعداد یاد نہیں ۔

(جاری ہے)

مگر ان میں سے چند ایک ڈرامہ سیریل جو مجھے ذاتی طور پر بڑے پسند ہیں ان میں بوٹا فروم ٹوبہ ٹیک سنگھ ، عورت کا گھر کون سا ، بارش کے آنسو ، ملکہ عالیہ ، اے عشق ہمیں برباد نہ کر شامل ہیں ۔ ماریہ واسطی نے کہا کہ میں نے پی ٹی وی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک خدا کے فضل سے تمام نجی ٹی وی چینلز کی ڈرامہ سیریل میں کام کر چکی ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنے کیریئر کے دوران سنجیدہ کردار ادا کیے ہیں مگر ذاتی طور پر مجھے کامیڈین رول کرنا اچھا لگتا ہے اور جلد میرے پرستار مجھے اس رول میں بھی دیکھیں گے ۔