پی سی بی نے قومی کرکٹرز کو ڈب سمیش ویڈیوز سے دور رہنے کی ہدایت کر دی

بدھ 12 اگست 2015 13:05

پی سی بی نے قومی کرکٹرز کو ڈب سمیش ویڈیوز سے دور رہنے کی ہدایت کر دی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کو ڈب سمیش ویڈیوز سے دور رہنے کی ہدایت کر دی، پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ملکی دوروں کے دوران وہ کسی بھی طرح کی ڈب سمیش ویڈیوز پوسٹ نہ کریں۔ یہ فیصلہ کھلاڑیوں کو تنازعات سے بچانے کے لئے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دورہ سری لنکا کے دوران پاکستان کے شعیب ملک نے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کے ساتھ مل کر ڈب سمیش ویڈیو بنائی، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے گانے پر بنائی گئی ڈب سمیش میں شعیب ملک کے علاوہ مختار احمد، محمد عرفان، بابر اعظم سمیت دیگر کرکٹرز بھی ڈانس کرتے دکھائی دیئے۔

اس ویڈیو پر بھارت کے یوراج سنگھ نے تبصرہ کر ڈالا کہ شعیب اور ثانیہ بہترین کھلاڑی لیکن بدترین ڈانسر ہیں، شعیب ملک نے اس پر یوراج سنگھ کو چیلنج کر ڈالا۔ یہ سارا معاملہ ٹوئٹر کے ذریعے چلتا رہا۔شعیب ملک کے بعد دیگر کرکٹرز کی ڈب سمیش بھی سامنے آئی ہے تاہم اب پی سی بی نے اس پر پاندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑی غیر ملکی دوروں میں ایسی کسی بھی سرگرمی سے خود کو دور رکھیں گے، دوسری صورت انہیں واپس بلا کر جرمانہ کیا جائے گا۔