شین وارن کی 600ٹیسٹ وکٹس‘ ریکارڈ قائم ہوئے10برس مکمل

بدھ 12 اگست 2015 13:34

شین وارن کی 600ٹیسٹ وکٹس‘ ریکارڈ قائم ہوئے10برس مکمل

پرتھ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء) ٹھیک آج کے دن، مگر دس برس قبل آسٹریلیا کے لیگ سپنر شین وارن نے ٹیسٹ کیریئر کی600وکٹس لے کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ یہ ریکارڈ انہوں نے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جانے والے ایشز کے سلسلے کے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن قائم کیا تھا۔ اس ہدف کو پورا کرنے کیلئے انہوں نے انگلش اوپنر مارکوس ٹریسکوتھک کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

اس سیزن میں انہوں نے 40وکٹس لی تھیں۔وہ دن اور اولڈ ٹریفورڈ کا میدان شین وارن کی زندگی میں بے حد اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسی میدان میں انہوں نے 1993 میں ایشز کیریئر کی پہلی گیند انگلینڈ کے مائیک گیٹنگ کیخلاف کروائی تھی ،یہ وہی گیند تھی جسے دنیا” بال آف دی سنچری“ کے نام سے جانتی ہے۔اس گیند نے شین وارن کے مستقبل کی جھلک بھی دکھائی اور ساتھ ہی دنیائے کرکٹ پر اگلی دو دہائیوں تک قائم رہنے والی آسٹریلیا کی حکمرانی کی نوید بھی سنائی تھی۔

(جاری ہے)

اس میچ میں شین وارن 600وکٹس کا ہدف پورا کرنے کے باوجود مزید کوئی کھلاڑی آوٴٹ کرنے میں ناکام رہے تھے تاہم جنوری2007میں ایشز کے بعد جب وہ ریٹائر ہونے جارہے تھے تو یقینی طور پر اپنی پرفارمنس سے خاصے مطمئن تھے۔ اس برس کی ایشز میں شین وارن نے اپنی ٹیم کو 1920کے بعد پہلی بار ایشز میں وائٹ واش کرنے کا موقع فراہم کیا تھا۔مجموعی طور پر شین وارن نے ایشز کیریئر میں 23کی ایوریج سے195وکٹس لی ہیں۔ ان میں انہوں نے 11بارپانچ وکٹس لیں جبکہ چار بار10وکٹس لینے کا کارنامہ سرانجام دیا۔ مجموعی طور پر شین وارن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں708وکٹس لی ہیں جبکہ ون ڈے میں ان کی وکٹس کی کل تعداد293رہی۔ شین وارن کے علاوہ 600 وکٹس کی حد سری لنکن مرلی دھرن اور بھارتی کرکٹر انیل کمبلے نے پار کی ہے