پاک بھارت سرحدی کشیدگی ،دونوں ممالک کے یوم آزادی پر مٹھائی اور تحائف کا تبادلہ نہیں کیا جائیگا،بھارتی میڈیا کادعویٰ

بدھ 12 اگست 2015 21:58

پاک بھارت سرحدی کشیدگی ،دونوں ممالک کے یوم آزادی پر مٹھائی اور تحائف ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء ) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی اور دہشتگردی کے واقعات کے پیش نظردونوں ممالک کے یوم آزادی کے موقع پر سرحدوں پر مٹھائی اور تحائف کا تبادلہ نہیں کیا جائے گا۔بدھ کو بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن پر حالیہ کشیدگی اور دہشتگردی کے واقعات پیش آنے کے بعد دونوں ممالک کے یوم آزاد ی کے موقع پر سرحدوں پربی ایس ایف اور پاک رینجرز کے درمیان مٹھائی اور تحائف کا تبادلہ نہیں کیاجائیگا۔

بارڈر سیکورٹی فورس ہیڈکوارٹرنے اس سلسلے میں فیصلے سے پاکستان کے ساتھ عالمی سرحد پر تعینات فارمیشنوں کوآگاہ کردیا ہے ۔بی ایس ایف کے ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ 14 اگست کو پاکستان کے یوم آزادی اور 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر نہ کوئی مٹھائی دی جائے گی اور نہ لی جائے گی اس سلسلے میں فیصلے سے فارمیشنوں کو مطلع کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر دونوں جانب سے سرحدوں پر مٹھائی اور تحائف کا تبادلہ کیا جاتا ہے ۔یادرہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدوں پر فائرنگ کے واقعات کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ۔اسکے علاوہ گرداس پور اور ادھم پور واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگاتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات میں ملوث کرنے کی کوشش کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :