اسلام آباد ٹریفک پولیس نے جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ٹریفک پلان جاری کر دیا

13 اور14اگست کو صبح 5بجے سے دن12بجے تک اسلام آباد کی حدود میں مختلف سڑکیں بند رہیں گے

بدھ 12 اگست 2015 22:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ٹریفک پلان جاری کر دیا 13 اور14اگست 2015کو صبح 5بجے سے دن12بجے تک اسلام آباد کی حدود میں مختلف روڈ بند رہیں گے اور اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہو گا ون ویلنگ اور خلاف ِقانون گاڑی چلانے والوں کے خلاف کاروائی کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دے دیئے گئے 241افسران و اہلکار سپیشل ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات کے لئے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا ہے جس کے مطابق کنونشن سنٹر میں ہونے والی تقریب کے لئے ایس ایس پی،ایس پی،4ڈی ایس پیز،14انسپکٹرز سمیت 241افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں 13 اور 14اگست کے لئے ترتیب دیئے گئے ڈائیورشن پلان کے مطابق آبپارہ چوک سے کشمیر ہائی وے پر کوڑیانوالہ چوک تک آنے جانے والی ہر قسم کی ٹریفک بند رہے گی، پشاور اور لاہور سے مری جانے کے لئے زیرو پوائنٹ سے فیض آباد براستہ مری روڈ سے مری جا سکے گی، آبپارہ سرینہ ہوٹل سہروردی روڈ پر آنے جانے والی ٹریفک بند رہے گی اور متبادل شہید ملت روڈ استعمال ہو گا اور G-6،F-6 کے لئے میونسپل روڈ ،سیکریٹریٹ چوک سے کنونشن سنٹر تک شاہراہ جمہوریت پر آنے جانے والی ٹریفک بند رہے گی،بری امام سے ریڈیو پاکستان تک آنے جانے والی ٹریفک بند رہے گی متبادل 3rdروڈ استعمال ہو گا،کشمیر چوک سے سرینا ہوٹل تک آنے جانے والی ہر قسم کی ٹریفک بند رہے گی ،کلب روڈ Uٹرن سے مری جانے والی ٹریفک کوڑیانوالہ چوک تک ون وے استعمال کرے گی لاہور سے آنے والی ہیوی ٹریفک روات ٹی کراس سے بند ہو گی ،مری سے آنے والی ہیوی ٹریفک چھتر ٹول پلازہ سے اسلام آباد کی طرف نہیں آئے گی ،پشاور سے آنے والی ہیوی ٹریفک چونگی نمبر26سے بند ہو گی،متبادل موٹر وے یا راوالپنڈی والا راستہ استعمال ہو گا ،موٹر وے سے آنے والی ہیوی ٹریفک اسلام آباد ٹول پلازہ سے آگے اسلام آباد کی طرف نہیں آ ئے گی کہوٹہ روڈ سے آنے والی ہیوی ٹریفک کاک پل سے بائیں لاہور کی طرف موڑ دی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :