پی سی بی کا قومی ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ یکم ستمبرسے کرانے پر غور

جمعرات 13 اگست 2015 12:54

پی سی بی کا قومی ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ یکم ستمبرسے کرانے پر غور

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ یکم ستمبر سے کرانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ قومی ٹیم کے مصروف سیزن میں ستمبر کاابتدائی حصہ کی دستیاب ہے۔ٹورنامنٹ سے زمبابوے کے دورے کے لئے کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس کا جائزہ لینے کا موقع بھی ملے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ یکم ستمبر سے کرانے پر غور شروع کردیاہے کیونکہ قومی ٹیم کے مصروف سیزن میں یہی وقت دستیاب ہے۔

چوبیس ستمبر سے دس اکتوبرتک پاکستان ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی اوراتنے ہی ون ڈے میچز کیلئے زمبابوے کا دورہ کرے گی۔اکتوبر نومبر میں یواے ای میں قومی ٹیم کی انگلینڈ سے سیریز شیڈول ہے۔ دسمبر،جنوری میں یواے ای ہی میں پاکستان کو بھارت کی میزبانی کرنی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت سے سیریز نہ ہونے پر پی سی بی متبادل سیریز کیلئے کوشاں ہے۔فروری میں پاکستان سپرلیگ کے انعقاد کاامکان ہے۔

جس کے بعد پاکستان کو نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ جبکہ مارچ اپریل میں بھارت میں ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی منعقد ہوگا۔پی سی بی پنجاب بھر میں جاری بارشوں کی وجہ قومی ٹی ٹوئنٹی کے انعقاد کیلئے تذبذب کا شکار ہے۔ میزبانی کیلئے ملتان اور راولپنڈی کے نام زیرغور ہیں۔ اس بارے میں پی سی بی ایک دو روز میں باقاعدہ اعلان کردے گی۔ نئے سسٹم کے تحت گولڈ میں شامل تمام ڈومیسٹک ٹیمیں براہ راست ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی جبکہ سلورلیگ کی دوٹاپ ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔