ملک بھر میں یکساں عید منانے کے حوالے س قانون سازی کریں گے، اسلام آباد میں نظام صلوة پر عملدرآمد کے لئے علماء، سول سوسائٹی، تاجروں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل کمیٹیاں بنائی ہیں، صوبوں سے بھی کہا جائے گا کہ اس پر عمل کریں، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کی دو سال کے لئے تعیناتی کی تجویز پر غور کریں گے

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

جمعرات 13 اگست 2015 14:30

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ضرروت ہوئی تو ملک بھر میں یکساں عید منانے کے حوالے س قانون سازی کریں گے، اسلام آباد میں نظام صلوة پر عملدرآمد کے لئے علماء، سول سوسائٹی، تاجروں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل کمیٹیاں بنائی ہیں، صوبوں سے بھی کہا جائے گا کہ اس پر عمل کریں، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کی دو سال کے لئے تعیناتی کی تجویز پر غور کریں گے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات میں پروین مسعود بھٹی کے سوال کے جواب میں سردار محمد یوسف نے بتایا کہ سرکاری حج سکیم کے تحت جملہ پاکستانی حجاج کی سعودی عرب میں رہائش کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور 139 عمارتیں کرائے پر لی ہیں جن میں 71 ہزار 684 حجاج کے رہنے کی گنجائش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شیخ رشید کے سوال پر بتایا کہ مکہ میں پاکستان ہاؤس توسیعی منصوبہ کی وجہ سے گرایا گیا ہے اس کے معاوضے کے لئے رابطہ کیا ہے امید ہے کہ جلد مل جائے گا تاہم ابھی تک معاوضہ کی رقم کا تعین نہیں ہو سکا۔

طاہرہ اورنگزیب کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ تمام مسالک کے علماء کی مشاورت سے نظام صلوة رائج کیا گیا ہے تاہم ابھی تک اس پر مکمل عمل نہیں ہو سکا، ہمارے وقتاً فوقتاً علماء سے رابطے ہوتے رہے ہیں تاکہ اس پر مکمل عملدرآمد کرایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ خطبے سے پہلے تقاریر اور اشتعال انگیزی سے بچنے کے لئے صرف عربی خطبے پر عملدرآمد پورے ملک میں کرانے کے لئے کوشاں ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے تحت متنازعہ تقاریر مانیٹر کی جا رہی ہیں تاہم یہ صوبائی کام ہے، وزارت داخلہ کا باقاعدہ نظام ہے۔

شکیلہ لقمان کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نظام صلوة پر عملدرآمد کرانے کے لئے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کمیٹیاں بنائی ہیں، اس پر عملدرآمد میں وقت لگے گا تاہم توقع ہے کہ اس پر عملدرآمد ہو گا۔ شگفتہ جمانی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایک ہی روز ملک بھر میں عید کے لئے وزارت مذہبی امور نے اجلاس منعقد کیا، اس میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کو بھی دعوت دی تھی، ملک بھر میں ایک ہی روز عید منانے اور اس کی خلاف ورزی پر کارروائی کے لئے اگر قانون سازی درکار ہوئی تو کریں گے۔

انہوں نے عائشہ سید کے سوال کے جواب میں بتایا کہ اوقاف کے محکمہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مساجد میں خواتین کے لئے نماز کے لئے الگ جگہ بنائیں۔ شاہدہ اختر علی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین 12 سال سے تعینات ہیں ان میں ہر صوبہ سے ممبران شامل ہیں، دو سال بعد رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کی تبدیلی کی تجویز پر غور کریں گے۔ شیخ رشید احمد کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نظام صلوة سے باجماعت نماز میں زیادہ سے زیادہ نمازی شرکت کر سکتے ہیں، اسلام آباد میں 957 مساجد کے علماء کرام کو ایک کنونشن میں بلاکر ان سے نظام صلوة کے حوالے سے رائے لی۔