کھارے پانی کو میٹھا بنانے کے آسٹریلیا سے منگوائے گئے پلانٹس انتہائی کامیاب رہے

حکومت اور صوبائی حکومت چاہیں تو اس تجربہ سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں پارلیمانی سیکرٹری رجب علی خان بلوچ کا قومی اسمبلی میں جواب

جمعرات 13 اگست 2015 14:31

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) کھارے پانی کو میٹھا بنانے کے آسٹریلیا سے منگوائے گئے پلانٹس انتہائی کامیاب رہے، حکومت اور صوبائی حکومت چاہیں تو اس تجربہ سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شیخ روحیل اصغر کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری رجب علی خان بلوچ نے بتایا کہ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے ملک میں کھارے پانی کو میٹھا بنانے کے 15 پلانٹس نصب کئے ہیں، اسلام آباد میں تین، عمر کوٹ میں 8 اور حب میں 4 پلانٹ لگائے گئے ، ایک پلانٹ کی قیمت 70 ہزار روپے ہے اور یہ ایک دن میں 28 لیٹر پانی صاف کرتا ہے، یہ پلانٹ آسٹریلیا سے منگوائے گئے ہیں اور یہ انتہائی کامیاب تجربہ ہے اس کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، یہ چھوٹا پلانٹ ہے جو صرف ایک ایک گھر کی ضرورت کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا، یہ تجرباتی بنیادوں پر لگائے گئے ہیں اور یہ کامیاب ترین ہے، صوبے اور وفاق اگر یہ پلانٹس منگوانا چاہیں تو یہ بہترین ہے۔