اسلام آباد : بلدیاتی انتخابات تاخیر کا شکار، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب کر لی۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 اگست 2015 14:48

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 13 اگست 2015ء) :سپریم کورٹ نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پرالیکشن کمیشن سے وضاحت مانگ لی۔ عدالت نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کیوں ہوئی، ایک ایک دن کی وضاحت کریں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس جواد ایس خواجہ نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ فتح ملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پرصوبے عوام سے معافی مانگیں۔

(جاری ہے)

جس کے جواب میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ کا کہنا تھا کہ عوام سے معافی مانگنے کیلئے تیار ہیں لیکن ہمارا صوبہ مشکل ہے، شہریوں سے معافی مانگیں یا دیہاتیوں سے۔جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیے کہ صوبہ مشکل ہے تو صاف کہہ دیں کہ الیکشن نہیں کروا سکتے۔
تاہم الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ ایم کیو ایم ارکان کے استعفوں کا معاملہ بھی ذہن میں رکھنا ہے، جواب میں جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ استعفوں کا معاملہ سیاسی ہے،اس میں نہیں پڑیں گے۔سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر الیکشن کمیشن سے وضاحت اور 2012ء سے اب تک جاری کئے گئے عدالتی احکامات کی تفصیلات طلب کر لی۔