امن کی بحالی ‘ اقتصادی بہتری کے امکانات کو حقیقت میں بدلنے کیلئے قوم یکسو ہو جائے ‘صدر ‘ وزیر اعظم

‘ یوم آزادی مستقبل میں قوم کے لئے سیاسی، سماجی اور اقتصادی استحکام کی نوید لے کر آئے گا ‘ ممون حسین آزادی کی نعمتوں کے تحفظ کیلئے ہمیں اپنے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیرسگالی کو فروغ دینا ہوگا، نواز شریف

جمعرات 13 اگست 2015 14:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ امن کی بحالی ‘ اقتصادی بہری اور سیاسی پختگی کے ذریعے پاکستان میں نئے اور شاندار دور کا آغاز ہو چکا ہے ‘ قوم مثبت امکانات کو حقیقت میں بدلنے کیلئے یکسو ہو جائے ‘ یوم آزادی مستقبل میں قوم کے لئے سیاسی، سماجی اور اقتصادی استحکام کی نوید لے کر آئے گا ‘ آزادی کی نعمتوں کے تحفظ کیلئے ہمیں اپنے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیرسگالی کو فروغ دینا ہوگا، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں ‘ آپریشن ضرب عضب عزم کی علامت ہے ‘پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن ایک مضبوط و خوشحال ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

وطن عزیز کے69 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ ہمارا یہ یوم آزادی آنے والے دنوں میں ہمارے لئے سیاسی، اقتصادی اور سماجی استحکام کی نوید لے کر آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان پر علاقائی اور عالمی حالات کے بڑے گہرے اثرات مرتب ہوئے جس کے نتیجے میں پاکستان میں نہ صرف امن و امان کے مسائل پیدا ہوئے بلکہ پیچیدہ اقتصادی بحرانوں نے بھی ہمارے گھر کا راستہ دیکھ لیا لیکن پاکستانی قوم کے عزم صمیم کے سامنے کوئی مشکل ٹھہر نہ سکی۔

صدر نے کہا کہ حکومت پاکستان نے وطن عزیز کے مختلف خطوں، علاقوں اور شہروں کو بدامنی، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک کرنے کے لئے بھرپور سیاسی عزم کے ساتھ کارروائی کا فیصلہ کیاجس کے تحت افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے موٴثر کردار ادا کررہے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان میں امن بحال ہو رہا ہے ۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ اقتصادی بہتری کے لئے بھی حکومت نے ٹھوس پالیسیاں اختیار کی ہیں جن کے نتیجے میں کاروباری ماحول بہتر ہو رہا ہے اور پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہتر مواقع ہی نہیں پیدا ہو رہے بلکہ سرمایہ کار پاکستان کا تیزی سے رخ کر رہے ہیں۔

یہ تبدیلیاں ہمارے اقتصادی مستقبل کے لئے نیک فال کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح چین کے تعاون سے اقتصادی راہداری پر کام شروع ہو چکا ہے۔

یہ منصوبہ بھی پاکستان کی اقتصادی بحالی کے لئے بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سیاست کے میدان سے بھی مثبت اشارے آ رہے ہیں۔ سیاسی جماعتیں قومی منصوبوں اور اہداف کے حصول کے لئے اتفاق رائے کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ علامات قومی سیاست کی پختگی کا بین ثبوت ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں ایک نئے اور شاندار دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس پس منظر میں صدر مملکت نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ان مثبت اور واضح امکانات کو حقیقت میں بدلنے کے لئے یکسو ہو جائے تاکہ ہم بانیان پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے ان خوابوں میں حقیقت کا رنگ بھر سکیں جو انہوں نے اس عظیم وطن کے لئے دیکھے تھے۔

وزیراعظم نے یوم آزادی کے موقع پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن خوشی کا بھی ہے، الله تعالیٰ کے حضور سجدہ ء شکر بجا لانے اور اس عہد کو تازہ کرنے کا بھی کہ ہم متحد اور یکجان ہو کر ان مقاصد کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے جن کے لئے پاکستان حاصل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کے لئے ایک آزاد و خودمختار ریاست کا خواب دیکھا۔

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے ولولہ انگیز تحریک کے ذریعے اس خواب کو تعبیر کی شکل دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ہمیں ان عظیم شہیدوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جنہوں نے آزادی کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کر دیا اور جانیں تک نچھاور کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج خود احتسابی کا دن بھی ہے، ہمیں سوچنا ہوگا کہ ماضی کی کون سی غلطیوں اور کوتاہیوں کی وجہ سے ہم اپنی دوسری ہم عمر قوموں سے پیچھے رہ گئے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا ہم ہمیشہ انتشار، افراتفری اور نعرہ بازی کا شکار رہیں گے یا کامل اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ساری توانائیاں پاکستان کی تعمیر و ترقی پر مرکوز کر دیں گے۔ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہم پرعزم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اس عزم کی علامت ہے، مسلح افواج سول آرمڈ فورسز اور تمام متعلقہ اداروں کی قربانیاں اور کوششیں قابل ستائش ہیں جس کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ الله کے فضل سے پاکستان میں عوام کی حاکمیت، آئین کی حکمرانی اور جمہوریت کی کار فرمائی کا نظریہ پختہ ہو چکا ہے۔ اس سازگار ماحول میں ہمیں اپنے دیرینہ مسائل پر قابو پاتے ہوئے اقتصادی ترقی کی ایسی راہ پر گامزن ہونا ہے جو پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی روشن منزلوں تک لے جائے اور جس کے ثمرات پوری قوم کی جھولی میں پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں محبت، رواداری اور حسن سلوک کا درس دیتا ہے، آزادی کی نعمتوں کے تحفظ کے لئے ہمیں اپنے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیرسگالی کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ علامہ اقبال کی فکر اور بابائے قوم کے نظریات کے تحت ہم ایمان و یقین، اتحاد و اتفاق اور نظم و ضبط کے ساتھ پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن ایک مضبوط و خوشحال ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔