حکومت پاکستان متاثرین منگلا ڈیم کے معاملات ترجیح بنیادوں پر یکسو کرے ،چوہدری عبدالمجید

جمعرات 13 اگست 2015 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ حکومت پاکستان متاثرین منگلا ڈیم کے معاملات ترجیح بنیادوں پر یکسو کرے متاثرین منگلا ڈیم نے پاکستان کی معاشی استحکام کے لیے پاکستان سے جس جذباتی وابستگی کا مظاہرہ کیا حکومت پاکستان منگلاڈیم کے نیو سٹی اور سمال ٹاؤن میں ترقیاتی عمل مکمل کرنے کے لیے فنڈز فراہم کرے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ حکومت پاکستان اضافی کنبہ جات کے لیے فنڈز فراہم کرے حکومت آزادکشمیر نے اربوں روپے مالیت کا رقبہ اضافی کنبہ جات کے لیے فراہم کردیا ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ کشمیر کونسل میں ریاستی شہریوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں اور اسٹیٹ پراپرٹی کے فنڈزآزادکشمیر کے عوم کی فلاح وبہبود پر خرچ کیے جائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ متاثرین منگلاڈیم نے دوسری بار اپنے آباؤ اجداد کی قبروں کی قربانی دے کر پاکستان سے اپنی گہری محبت کااظہار کیا منگلاڈیم مکمل ہوچکا ہے مگر متاثرین کے معاملات ابھی حل طلب ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان متاثرین منگلاڈیم کے تمام معاملات کو یکسو کرے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید یہاں سیکرٹری کشمیر افیئرعابد سعید سے بات چیت کررہے تھے آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثنا وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ کل آزادکشمیر میں یوم آزادی بھرپور طریقے سے منایا جارہا ہے آزادکشمیر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں یوم پاکستان کی تقریبات منعقد ہوں گی جلسے جلوس منعقد کیے جائیں اور تمام سرکاری عمارات پر پاکستانی پرچم لہرائے جائیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ کل مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام بھارتی فورسز کے سنگینوں تلے پاکستانی پرچم بلند کریں گے اور دنیا پر ثابت کردیں گے کہ پاکستان اور کشمیر قدرتی طور پر گہرے رشتوں سے منسلک ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے اور بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈے، ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ وزیراعظم نے کہاکہ کل دنیا بھر میں آباد تارکین کشمیری عوام یوم پاکستان بھرپور طریقے سے منائیں گے اور جلسے جلوس منعقد کرکے پاکستان کے ساتھ گہری وابستگی کااظہار کریں گے۔