جو فٹ ہوگا وہی ٹیم میں کھیلیے گا ، آئرلینڈ ،سکاٹ لینڈ کے بعد ہانگ کانگ نے بھی پاکستان آنے کی رضا مندی ظاہر کر دی ہے : شہریار خان ، اب چھوٹے شہروں سے بھی کھلاڑی آرہے ہیں :وسیم اکرم

جمعرات 13 اگست 2015 17:16

جو فٹ ہوگا وہی ٹیم میں کھیلیے گا ، آئرلینڈ ،سکاٹ لینڈ کے بعد ہانگ کانگ ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار13اگست۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ کراچی کے لئے کرکٹ کے دروازے جلد کھل جائینگے ، ٹیم میں شمولیت کے لیے کھلاڑویں فٹنس برقرار رکھنا ہوگی ۔ کراچی میں نوجوان فاسٹ باولرز کے لیے قائم کیمپ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا ہے کہ کیمپ میں آنے والے لڑکوں کا تعلق پسماندہ علاقوں سے ہے ،چھوٹے علاقوں سے آکر کھلاڑیوں کا کھیلنا خوش آئندہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے فٹنس پالیسی تیار کر لی ہے اور فاسٹ باﺅلرز کو بتا دیا گیا ہے کہ اگر انہیں قومی ٹیم کے لیے کھیلنا ہے تو فٹنس برقرار رکھنا ہو گی ،اگر فٹ نہیں ہوں گے تو کھلایا نہیں جائے گا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ایک کھلاڑی بدتمیزی کرے تو پوری ٹیم پر دھبہ لگ جاتا ہے ٹیم کو ہر جگہ نظم و ضبط کی پابندی کرنی چاہیے کیونکہ پوری دنیا میں قومی ٹیم پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ ،سکاٹ لینڈ اور ہانگ کانگ کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان آئینگی ۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کو کراچی میں میچز کھیلنے کےلئے رضامند کرنے کی کوشش کی تاہم ان کی سکیورٹی ٹیم نے صرف لاہور میں کھیلنے کو ترجیح دیتے ہوئے آئندہ کراچی میں کھیلنے کا کہاتھا۔ چیر مین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ وسیم اکرم بہت مصروف رہتے ہیں اور ہمارے لئے انکا وقت نکالنا خوش قسمتی ہے ۔

سابق کپتان نے کھلاڑیوں کو ٹرینگ دینے کا وعدہ کیا تھا اور وہ سال میں دو بار کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیا کرینگے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں لیجنڈری فاسٹ باولر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے لئے فاسٹ باﺅلرز کی کھیپ تیار ہے اور یہ تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور سے بڑے پلیئرز اور ایبٹ آباد سے فاسٹ باﺅلر آ رہے ہیں ۔