پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین زراعت، صنعت، توانائی، جیمز اینڈ جیولری کے مواقع موجود ہیں ٗ وزیر تجارت خرم دستگیر

دونوں ممالک آئندہ ستمبر میں آزادانہ تجارت کے معاہدے سے متعلق دوبارہ بات چیت کریں گے ٗمیڈیا سے گفتگو

جمعرات 13 اگست 2015 21:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین زراعت، صنعت، توانائی، جیمز اینڈ جیولری سمیت دیگر مواقع موجود ہیں ٗدونوں ممالک آئندہ ستمبر میں آزادانہ تجارت کے معاہدے (ایف ٹی اے) سے متعلق دوبارہ بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کے تحت علاقائی اور بین الاقوامی تجارت کے فروغ کے لئے حکومت موثر حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔

تھائی لینڈ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھا کر دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ وہ جمعرات کو پاکستان تھائی لینڈ مشترکہ تجارتی کمیٹی کے تیسرے اجلاس کے بعد تھائی لینڈ کے وزیر تجارت کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے جس میں تھائی لینڈ کے وزیر تجارت ایچ ای چٹچائی کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کی خواہش ہے کہ دوطرفہ تجارت سال 2018ء تک دوگنا کر دی جائے۔

اس حوالے سے دونوں ممالک کی تجارت کی وزارتیں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ الیکٹرک اور الیکٹرانکس مصنوعات مشینری، آٹو موبائل میں پاکستان کی مدد کر سکتا ہے جبکہ پاکستان میں تھائی لینڈ کے لئے کارٹن یارن، ٹیکسٹائل، ریڈی میڈ گارمنٹس، چمڑے کی مصنوعات اور دیگر مصنوعات میں پاکستان سے درآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین آزادانہ تجارت کے معاہدے ایف ٹی اے کے لئے فزیبلٹی رپورٹ تیار کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ تھائی لینڈ پاکستان کو ایک ہزار مختلف مصنوعات برآمد کر سکتا ہے جبکہ 684 مصنوعات پاکستان سے درآمد کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین آزادانہ تجارت سے دونوں ممالک کی معیشتوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آسیان ممالک میں تھائی لینڈ کو اہم حیثیت حاصل ہے۔ پاکستان تھائی لینڈ کے آٹو موبائل کے شعبہ سے پاکستان فوائد حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین تجارت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جو خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر میں دونوں ممالک کے مابین دوبارہ مذاکرات کا عملی آغاز ہوگا جس میں ایف ٹی اے کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لئے ٹیرف کے خاتمے پر رضامند ہیں۔

متعلقہ عنوان :