جشن آزادی نمائشی میچ ، آرمی الیون نے پاکستان الیون کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا

جمعہ 14 اگست 2015 17:45

جشن آزادی نمائشی میچ ، آرمی الیون نے پاکستان الیون کو چھ وکٹوں سے ہرا ..

راول پنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار14اگست ۔2015ء ) جشن آزادی کے موقع پر پاک فوج اور پاکستان الیون کے درمیان نمائشی میچ کھیلا گیا جس میں آرمی الیون نے پاکستان الیون کے خلاف چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ،تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل راحیل شریف تھے جنہوں نے شاہد آفریدی کو چوکا لگا کر نمائشی میچ کا آغازکیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان الیون اور آرمی الیون کے مابین آرمی کرکٹ گراونڈ میں ہوئے نمائشی میچ میں پاکستان الیون نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پرپاک فوج کو جیت کے لئے 104 رنزکا ہدف دیا جسے پاک فوج نے 4 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا ۔

پاکستان الیون کی جانب سے مصباح الحق، احمد شہزاد، اظہرعلی اور محمد حفیظ سمیت انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑی ٹیم میں شامل تھے جب کہ پاک فوج کی جانب سے شاہد آفریدی نے ٹیم کی نمائندگی کی ۔

(جاری ہے)

میچ سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف میدان میں اترے تو تماشائیوں نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا، سربراہ پاک فوج نے بلا تھاما اور شاہد آفریدی کی گیند پر بھرپور شارٹ کھیل کر گیند کو باونڈری لائن کے پار پہنچا دیا ۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق نمائشی میچ سے حاصل ہونے والی آمدنی شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کو فراہم کی جائے گی۔