حکومت کی جانب سے شہریوں کو جشن آزادی کے موقع پر لوڈ شیڈنگ کاتحفہ

جمعہ 14 اگست 2015 22:41

حکومت کی جانب سے شہریوں کو جشن آزادی کے موقع پر لوڈ شیڈنگ کاتحفہ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء ) حکومت کی جانب سے شہریوں کو جشن آزادی کے موقع پر لوڈ شیڈنگ کاتحفہ ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ 14 اگست کے روز پنجاب بھر کے شہریوں کو سی این جی سے بھی محروم کر دیا۔گذشتہ روز صبح 6 بجے سے ہی پنجاب کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی بند کر دی گئی جس کے باعث شہری سستے ایندھن سے محروم رہے ، جبکہ لوڈ شیڈنگ نے جشن آزادی کے رنگ پھیکے کر دیے ۔

جشن آزادی پر ملک بھر میں ہو نے والے چراغاں سے بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافے کے باعث شدید حبس میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ۔ پاور پلانٹس کو پی ایس او کی جانب سے فرنس آئل کی فراہمی میں کمی کے باعث پیداوار میں کمی ہوئی۔ دوسری جانب صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں ہونی والی بارشوں سے درجنوں فیڈرز ٹرپ ہو گئے ۔

(جاری ہے)

پیداوار میں کمی کے باعث شارٹ فال سات ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ۔

شہروں میں گزشتہ روز چودہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی رات کے وقت لوڈ بڑھنے پر ہر آدھے گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ بھی کی گئی ۔ گزشتہ روز شہر کے کئی علاقوں میں تیز بارش کے باعث لیسکو کے درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے چار گرڈ سے بجلی کی فراہمی مکمل معطل ہو گئی۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی طلب ورسد میں 7 ہزار میگا واٹ کا فرق رہا ۔