بل گیٹس نے سیوریج کے فضلے کو بجلی اور پینے کے پانی کے قابل بنانے کی مشین کی تیاری شروع کردی

جمعہ 14 اگست 2015 22:46

بل گیٹس نے سیوریج کے فضلے کو بجلی اور پینے کے پانی کے قابل بنانے کی مشین ..

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) دنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے سیوریج کے فضلے کو بجلی اور پینے کے پانی کے قابل بنانے کی مشین کی تیاری شروع کردی۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق بل گیٹس رواں سال کے ابتداء میں اس وقت شہ سرخیوں میں آگئے تھے جب انہوں نے ٹوائلٹ میں پائے جانے والے پانی کو صاف کرنے والی مشین کو آزماتے ہوئے وہ پانی پیا تھا۔

یعنی انسانی فضلے پر مشتمل اس پانی کو انہوں نے پیا اور اب ان کی فاؤنڈیشن کے ماتحت ایسی مشینیں تیار کی جارہی ہیں جو سیوریج کے 14 ٹن فضلے کو روزانہ بجلی اور پینے کے قابل پانی کی شکل میں بدل سکتی ہیں۔اب تک اس کے تجربے لیبارٹریز میں ہورہے تھے مگر اب اسے حقیقی دنیا میں آزمانا شروع کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جانکی بائیوانرجی نے یہ سسٹم تیار کیا ہے جس کا مقصد پانی کی کمی یا سیوریج نظام سے محروم علاقوں میں رہائش پذیر 2 ارب افراد کے لیے ان کے فضلے کو ہی کارآمد بنادینا ہے۔

اس کی پہلی آزمائش افریقی ملک سینیگال کے شہر ڈاکار میں ہوگی جہاں کے 12 لاکھ رہائشیوں کو سیوریج لائن کی سہولت دستیاب نہیں اور انہیں اپنا فضلہ بالٹیوں میں بھر کر ٹھکانے لگانا پڑتا ہے۔اب وہاں یہ ٹریٹمنٹ پلانٹس لگ رہے ہیں تاکہ یہ لوگ اپنے فضلے کو ہی کارآمد مقاصد کے لیے استعمال کرسکیں۔گیٹس فا ؤنڈیشن کے بیان کے مطابق توقع ہے کہ اس اومنی پروسیسر نامی مشین کی بدولت لوگوں کو اپنا فضلہ ٹھکانے لگانے میں مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا جبکہ بجلی اور پانی کا حصول اضافی بونس ہوگا۔

متعلقہ عنوان :