ایوانِ قائد فاطمہ جناح پارک میں جشنِ آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی تقریب

ہفتہ 15 اگست 2015 19:30

اسلام آباد ۔ 15 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست۔2015ء) ایوانِ قائد فاطمہ جناح پارک میں نظریہ پاکستان کونسل کے تحت جشنِ آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقدہوئی جس میں نوجوان نسل کے طلبہ اور طالبات اور سول سوسائٹی کے اراکین نے انتہائی جوش اور ولولہ کے ساتھ کثیر تعداد میں شرکت کر کے پاکستان سے بھر پور محبت کا اظہار کیا ۔

اس موقع پرسکول کے بچوں نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں یاد کرتے ہوئے موثر اور پُرسوز انداز میں مشہور نظم ‘بڑا دشمن بنا پھرتا ہے جو بچوں سے لڑتا ہے‘ پیش کر کے ماحول میں ایک ولولہ انگیز کیفیت پیدا کردی ۔ پرچم کشائی کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے چیئرمین زاہد ملک نے کہا کہ پاکستان میں پشاور سے کوئٹہ تک جشن آزادی کا جوش و خروش ثابت کررہا ہے کہ ایک بار پھر پاکستانی قوم میں تحریک پاکستان جیسا جذبہ بیدار ہوچکا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستانیوں کی وطن سے محبت اس بات کا اظہار کررہی ہے کہ موجودہ حکومت اور افواج پاکستان نے بہتر حکمت عملی اختیار کرکے پاکستان پر چھائی ہوئی دہشت گردی کی فضا کو امن اور محبت کے نغموں میں تبدیل کر دیا ہے۔آج یہ بات وثوق سے کہی جا سکتی ہے کہ ہم تعمیر پاکستان کا وہ خواب مکمل کرنے کی راہ پر گامزن ہیں جو قائداعظم اور علامہ اقبال نے ایک فلاحی جمہوری اسلامی مملکت کی شکل میں دیکھا تھا ۔

تقریب میں موجود نوجوانوں نے قومی پرچم کے رنگ کے لباس پہنے ہوئے تھے اور جلسہ گاہ میں ہر طرف چھوٹے بڑے قومی پرچموں اور جھنڈیوں کی بہار نظر آرہی تھی۔ حاضرین نے پاکستان زندہ باد اور قائداعظم زندہ باد کے فلک شگاف نعروں میں وطن سے اپنی بے لوث محبت کا اظہار کیا اور وقفہ وقفہ سے اسلام آباد پولیس بینڈ کی طرف سے پیش کردہ معروف قومی نغموں اور ترانوں کی دھن سے ہم آہنگ ہو کر ماحول کو پاکستانیت کے جذبے سے سرشار کردیا۔

تقریب میں نوجوانوں کی معروف تنظیم پازیٹو پاکستان کے پاکستان بھر سے آئے ہوئے نمائندوں نے خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر کونسل کے سینئر وائس چیئرمین میاں محمد جاوید ، معروف بزرگ شخصیت ، ’ میں نے پاکستان بنتے دیکھا‘ کے خالق شیخ مختار احمد، فاٹا کی روحانی شخصیت پیرخورشید احمد اور طلبا ء طالبات نے خطاب کیا۔