قصورواقعہ پر تشکیل دی جانیوالی جے آئی ٹی میں سائبر کرائم ماہرین کو بھی شامل کرنے کی سفارش کی ہے ‘ آر پی او شیخوپورہ

پولیس کسی کوہراساں نہیں کر رہی ہر درخواست پر ایف آئی آر درج کی جار ہی ہے،پولیس متاثرین کو مکمل تحفظ فراہم کر یگی

ہفتہ 15 اگست 2015 21:38

قصورواقعہ پر تشکیل دی جانیوالی جے آئی ٹی میں سائبر کرائم ماہرین کو ..

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست۔2015ء) آر پی او شیخوپورہ رینج صاحبزادہ محمد شہزاد سلطان نے کہا ہے کہ قصورواقعہ پر تشکیل دی جانیوالی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم میں سائبر کرائم ماہرین کو بھی شامل کرنے کی سفارش کی ہے ،پولیس کسی کوہراساں نہیں کر رہی ہر درخواست پر ایف آئی آر درج کی جار ہی ہے،پولیس متاثرین کو مکمل تحفظ فراہم کر یگی ،متاثرین بے خوف ہو کر سامنے آئیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی پی او آفس کے کمیٹی روم میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ آر پی او شیخوپورہ رینج صاحبزادہ محمد شہزاد سلطان نے کہا کہ پولیس متاثرین کو مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہے واقعے میں جو بھی ملوث ہوا اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی ۔جے آئی ٹی ٹیم میں پولیس کیساتھ حساس اداروں کے افسران بھی شامل ہے جو واقعہ کے تمام پہلوؤں کاباریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تا کہ ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

متاثرین کی درخواست پر جے آئی ٹی میں سائبر کرائم ماہرین کو بھی شامل کرنے کی سفارش کر دی ہے تا کہ انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کو جے آئی ٹی پر مکمل اعتماد کرنا چاہیے ۔جو بھی قصور وار ثابت ہوا اسے کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس پر تمام الزامات کی انکوائری ہو رہی ہے اور حقائق درست ثابت ہونے پر کسی کو بھی معاف نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ انصاف کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دینگے ، اس سکینڈل کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

متعلقہ عنوان :